وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی برطانیہ کے ہوم سیکرٹری ساجد جاوید سے ملاقات

پاکستان اور برطانیہ کا منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے تکنیکی امور میں معاونت، سنگین جرائم کی بیخ کنی کیلئے استعداد کار میں اضافہ کے لیے تربیتی معاونت جاری رکھنے اور دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار

پیر 17 جون 2019 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) پاکستان اور برطانیہ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے تکنیکی امور میں معاونت، سنگین جرائم کی بیخ کنی کیلئے استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی معاونت جاری رکھنے اور دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لندن میں برطانیہ کے ہوم سیکرٹری ساجد جاوید سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سکیورٹی تعاون، منظم جرائم کی بیخ کنی، منی لانڈرنگ کی روک تھام، غیر قانونی منتقلی و دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے برطانیہ کے ہوم سیکرٹری کا منصب سنبھالنے پر ساجد جاوید کو مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں فریقین نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے تکنیکی امور میں معاونت، سنگین جرائم کی بیخ کنی کیلئے استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی معاونت جاری رکھنے اور دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ہوم سیکرٹری ساجد جاوید نے برطانیہ تشریف آوری پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کی روک تھام سمیت باہمی دلچسپی کے امور میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں