پاک۔چین قریبی تعاون خطہ میں امن و استحکام کا کلیدی عنصر ہے، بین الاقوامی اور علاقائی امور پر پاکستان کے کردار کیلئے چین کی حمایت قابل تحسین ہے

وزیراعظم عمران خان کی چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر سے گفتگو

منگل 18 جون 2019 19:55

پاک۔چین قریبی تعاون خطہ میں امن و استحکام کا کلیدی عنصر ہے، بین الاقوامی اور علاقائی امور پر پاکستان کے کردار کیلئے چین کی حمایت قابل تحسین ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک۔چین قریبی تعاون خطہ میں امن و استحکام کا کلیدی عنصر ہے، بین الاقوامی اور علاقائی امور پر پاکستان کے کردار کیلئے چین کی حمایت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یہ بات چین کی پیپلز لبریشن آرمی گرائونڈ فورسز کے کمانڈر جنرل ہان ویگیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے جنرل ہان ویگیو کو نشان امتیاز (عسکری) ملنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے بنیادی مفاد کے متعلقہ امور پر ایک دوسرے کیلئے چین اور پاکستان کی باہمی حمایت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے اپریل 2019ء میں بیجنگ اور جون 2019ء میں بشکک میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ وسیع تر تبادلہ خیال کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک صدر شی جن پنگ کے شاندار بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں دونوں ممالک کے درمیان سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔

جنرل ہان ویگیو نے کہا کہ نشان امتیاز ملٹری کا ایوارڈ ان کیلئے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب کاوشوں اور خطہ میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پاک۔چین آزمودہ اور سدا بہار تزویراتی تعاون شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہوئے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنے اور چین۔پاکستان تعلقات کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں