اربوں روپے ملنے کے باوجود صوبہ سندھ بدحالی کا شکار ہے‘

قرضوں کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام پر وزیراعظم خراج تحسین کے مستحق ہیں، ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی محمد صلاح الدین کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعرات 20 جون 2019 16:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی محمد صلاح الدین نے کہا ہے کہ اربوں روپے ملنے کے باوجود صوبہ سندھ بدحالی کا شکار ہے‘ قرضوں کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام پر وزیراعظم خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ 2019-20ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن محمد صلاح الدین نے کہا کہ ملک نامساعد حالات سے گزر رہا ہے، ان حالات میں ہمیں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عام غریب آدمی اور متوسط طبقات کی بات کرتی ہے اور کرپشن کے خاتمے کے لئے کھڑی ہے کیونکہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت ملک مسائل کی دلدل سے ضرور نکلے گا۔

(جاری ہے)

صلاح الدین نے کہا کہ میں نے تو بڑے احترام سے نام لیا ہے اور صرف نوکریوں کی بات کی ہے اور کہا ہے کہ یہ نوکریاں طریق کار سے ہٹ کردی گئی ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، اگر میں اپنے شہر اور صوبے کے مسائل نہیں بتائوں گا تو اور کیا کروں، صوبے میں ایڈز کا مرض پھیل رہا ہے، تھر میں لوگ قحط کی وجہ سے مررہے ہیں، ہمارے صوبے کے لوگ جوہڑ کا پانی پینے پر مجبور ہیں، صوبے میں کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے شدید مسائل کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ 90 ارب کے حوالے سے میرے نہیں، سپریم کورٹ کے جج کے ریمارکس ہیں کہ ایک گھر تو ڈائن بھی چھوڑ دیتی ہے، آج بھی سپریم کورٹ کے جج نے کہا ہے کہ سب سے کرپٹ صوبہ سندھ ہے، پورے صوبے کے عوام کہہ رہے ہیں کہ انہیں لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ملک کیلئے لئے گئے قرضوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ کمیشن قائم کرنے پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جس جس نے بھی پاکستان کے وسائل لوٹے ہیں چین کی طرح انہیں سولی پر لٹکا دینا چاہیے، لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے قومی سلامتی کو خطرہ ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں سندھ میں اردو بولنے والے لوگوں کو نوکریاں نہ دینے کے حوالے سے آصف علی زرداری کا نام لے کر تنقید کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں