اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست مسترد کر دی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت پر کچھ دیر قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 جون 2019 16:29

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست مسترد کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2019ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست مسترد کر دی جس کے بعد اب نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں ہی رہیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی۔ طبی بنیادوں پر رہائی کی درخواست قابل سماعت نہیں۔ یاد رہے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت کی تو ان کے وکیل خواجہ حارث نے ڈاکٹرز کی میڈیکل رپورٹ پڑھتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں، ان کی 60 فیصد خطرے کی حالت ہے، شریانوں میں بندش کی وجہ سے کسی بھی وقت ہارٹ اٹیک کا خطرہ ہے، ذہنی تناؤ کے خاتمے کے لئے بھی علاج ضروری ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ حارث نے کہا کہ نواز شریف کو دل کے دورے سے بچانے کے لیے اسٹنٹس ڈالنے ضروری ہیں، اس سے خون کی ترسیل میں بندش ختم ہوگی، جو اسٹنٹ ڈالے جانے ہیں وہ ملک میں دستیاب نہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ مختصر یہ کہ علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہے؟۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ پاکستان میں بھی بہت قابل ڈاکٹر ہیں جو بیرون ملک بھی جاتے ہیں۔

خواجہ حارث نے ضمانت کے لیے دلائل میں پرویز مشرف اور ڈاکٹر عاصم کے مقدمات کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرعاصم کیس میں علاج کے لیے طبی بنیادوں پر ضمانت ملی اور نام ای سی ایل سے بھی نکالا گیا، پرویز مشرف کا نام بھی بیرون ملک علاج کے لیے ای سی ایل سے نکالا گیا۔ جسٹس عامرفاروق نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ہے؟۔

خواجہ حارث نے کہا کہ جی میرا خیال ہے جب برطانیہ سے واپس آئے تو ای سی ایل پر ڈالا گیا، ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے تو الگ سے سماعت ہوگی ابھی عدالت کے سامنے نہیں۔ نیب پراسیکوٹر جہانزیب بھروانہ نے نواز شریف کی ضمانت کے خلاف دلائل دیے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں