چیئرمین سینٹ ہٹے گا نہ ان ہاوس تبدیلی آئیگی، غلام سرور خان

جمعرات 20 جون 2019 17:34

چیئرمین سینٹ ہٹے گا نہ ان ہاوس تبدیلی آئیگی، غلام سرور خان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ ہٹے گا نہ ان ہاوس تبدیلی آئیگی اور نہ ہی حکومت مخالف تحریک چلے گی۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں بھی فارورڈ بلاک بن سکتا ہے۔ اپوزیشن آپس میں بھی ایک ساتھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر پر کوئی پابندی نہیں تھی۔ سپیکر نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے پروڈکشن آرڈر جاری کئے۔ جس شخص کے خلاف ریفرنس بن رہے ہوں وہ ایوان میں آکر لیکچر دیتا ہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ کلیئر ہونے تک اس رکن کو ایوان میں شرکت نہیں کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ کی منظوری میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ بجٹ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ووٹ کے بغیر ہی منظور کروالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار یا حلف اٹھائیں یا استعفیٰ دے دیں۔ چوہدری نثار کو ایک اچھا مشورہ دے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس چند مدرسے ہیں اور کچھ بچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ عوام ہوتی تو وہ اپنی سیٹ ہی جیت لیتے۔ جمہوریت کے نام پر پارلیمنٹ کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں