محمد مرسی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، راجہ ظفر الحق

جمعرات 20 جون 2019 18:57

محمد مرسی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، راجہ ظفر الحق
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا میں بہت کم ممالک ایسے رہ گئے ہیں جہاں جمہوریت ہے، مصر کے سابق صدر محمد مرسی ایک سچے مسلمان اور کھلے ذہن کے مالک تھے۔ ہمیں ان کی جیل میں اس طرح ہلاکت کی مذمت کرنی چاہئے۔ جمعرات کو ایوان بالا میں مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں مصر میں دو سال پاکستان کے لئے سفارت کاری کا بھی موقع ملا ہے۔

مصر کے لوگ پاکستان سے بہت محبت کرتے ہیں اور وہ سچے اور سیدھے سادے مسلمان ہیں، ان کے معاشرے میں ایسی تقسیم نہیں ہے جو ہمارے ملک میں ہے اور ایک ہزار سال سے قائم پرانا الازہر جیسا ادارہ بھی وہاں موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی سے بھی انہیں ملاقات کا اتفاق ہوا اور انہیں ایک سچا اور کھرا مسلمان پایا۔ مصر میں 10 فیصد آبادی مسیحی برادری پر مشتمل ہے اور انہوں نے اپنی کابینہ میں بھی ایک مسیحی خاتون کو نائب صدر کا عہدہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ مصر افریقہ کے لئے ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کے اس کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں۔ محمد مرسی کی خدمات کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور نہ صرف اس ایوان کو ان کے انتقال پر تعزیت کرنی چاہئے بلکہ جیل میں جس طریقے سے ان کی ہلاکت ہوئی ہے اس کی مذمت بھی کرنی چاہئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں