احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی

پیر 24 جون 2019 21:14

احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی ہے ۔پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا گیا۔دورانِ سماعت فریال تالپور کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ پارک لین سے فریال تالپور کا کوئی تعلق نہیں، وہ پارک لین کی ڈائریکٹر بھی نہیں، اس کیس کا لینڈ سے تعلق ہی نہیں، گرفتاری جعلی اکائونٹ کیس میں ہوئی ہے تو لینڈ سے کیا تعلق ہے۔

سماعت کے دوران فریال تالپور نے جج سے مکالمہ کیا کہ میں شوگر کی مریضہ ہوں اور میرا بلڈ پریشربھی ہائی رہتا ہے جس پر جج ارشد ملک نے میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لیا اور فریال تالپور کو نشست پر بیٹھنے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

نیب نے فریال تالپور کا 9 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ریمانڈ میں 8 جولائی تک توسیع کردی اور انہیں اسی روز دوبارہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔عدالت نے فریال تالپور کا راہداری ریمانڈ بھی منظور کرلیا، نیب نے سندھ اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر پر راہداری ریمانڈ حاصل کیا، راہداری ریمانڈ کے بعد فریال تالپور سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرسکیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں