مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کا پاکستان کیلئے ڈیپازٹس کی مد میں 3 ارب ڈالر دینے اور ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان پر امیر قطر کا شکریہ

یہ اعلان برادر اسلامی ممالک کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے، مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کا ٹویٹ

پیر 24 جون 2019 22:55

مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کا پاکستان کیلئے ڈیپازٹس کی مد میں 3 ارب ڈالر دینے اور ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان پر امیر قطر کا شکریہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے امیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پاکستان کیلئے ڈیپازٹس کی مد میں تین ارب ڈالر دینے اور ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان پرقطر کے امیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری ہونے والے پیغام میں ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ ہم امیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پاکستان کیلئے ڈیپازٹس کی مد میں تین ارب ڈالردینے، ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کے اعادہ پرامیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کے مشکورہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ یہ اہم اعلان امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے حالیہ دورہ کے اختتام کے پس منظر میں کیا گیا ہے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری میں ڈھالنے کے عزم کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اعلان برادر اسلامی ممالک کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا بھی مظہر ہے جن کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتصادی بڑھوتری کو یقینی بنانے کے لئے قرضوں کے بوجھ تلے دبی معیشت کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔

امیر قطر کے دو روزہ سرکاری دورہ کے دوران پاکستان اور قطر نے مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کئے تاکہ تجارت، کاروبار، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ ان مفاہمتی یادداشتوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پاکستان۔ قطر جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل، پاکستان اور قطر کے مابین سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں اور قطر کے فنانشل انفارمیشن یونٹ اور حکومت پاکستان کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے درمیان فنانشنل انٹیلی جنس سے متعلق منی لانڈرنگ سے منسلک جرائم اور دہشت گردوں کی فنانسنگ کی روک تھام کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر امیر قطر نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کا یہ دورہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں اطراف نے زراعت اور خوراک، ایل این جی اور ایل پی جی سمیت توانائی اور تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ توانائی، سیاحت اور میزبانی کی صنعتوں میں قطر کی سرمایہ کاری کے فروغ اور قطر میں پاکستانی افرادی قوت کی تعداد بڑھانے کا بھی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

دونوں قیادتوں نے ہوا بازی، بحری امور، اعلیٰ تعلیم، دفاع و دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں اطراف سے متعلقہ وزراء دونوں رہنمائوں کے درمیان طے پانے والے تجاویز کو ٹھوس شکل دینے کے لئے اپنے متعلقہ شعبوں میں بات چیت کے عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئو زیر غور آئے، دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور قطر کے مابین بھائی چارے پر مبنی قریبی تعلقات کو مزید قریب تر لانے اور سیاسی و اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں