اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف مل کر الیکشن لڑا لیکن ناکام رہے‘ آل پارٹیز کانفرنس بھی ناکام ہوگی‘

اپوزیشن کے اکٹھے ہونے کا مقصد این آر او لینا ہے‘ لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں تو ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 25 جون 2019 18:35

اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف مل کر الیکشن لڑا لیکن ناکام رہے‘ آل پارٹیز کانفرنس بھی ناکام ہوگی‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف مل کر الیکشن لڑا لیکن ناکام رہے‘ آل پارٹیز کانفرنس بھی ناکام ہوگی‘ اپوزیشن کے اکٹھے ہونے کا مقصد این آر او لینا ہے‘ لوٹی ہوئی قوم دولت کو واپس کریں تو ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کبھی میثاق معیشت کی بات کرتی ہے اور کبھی آل پارٹیز کانفرنس بلا لیتی ہے ‘ یہ چاہتے ہیں کہ نیب نے ان کے خلاف جو مقدمات بنائے ہیں وہ این آر او کے ذریعے ختم کئے جائیں۔ مگر اب ایسا نہیں ہوگا جب تک لوٹی گئی قومی دولت واپس قومی خزانے میں جمع نہیں کروائیں گے ان کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اپوزیشن جماعتیں جس طرح عام انتخابات میں مل کر تحریک انصاف کو شکست دینے کے پروگرام میں ناکام رہیں اسی طرح آل پارٹیز کانفرنس میں بھی ناکام رہیں گی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا چارٹر آف کرپشن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے جو ہدایات دی تھیں اگر اس پر عمل کیا جاتا تو بھارت کو شکست دی جاسکتی تھی مگر توقع ہے کہ قومی ٹیم آئندہ کے میچز میں کامیابی حاصل کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں