وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس

کسانوں کو ویئر ہائوس ر سیٹ فنانسنگ کی سہولت کے فریم ورک پر تبادلہ خیال

بدھ 26 جون 2019 22:23

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کسانوں کو ویئر ہائوس ر سیٹ فنانسنگ (ڈبلیو ایچ آر ایف) کی سہولت کے فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ کو زرعی اجناس کی سٹوریج انفراسٹرکچر کی اہمیت پر بریفنگ دی گئی جس کے تحت زرعی شعبہ میں اربوں روپے کی بچت اور اس شعبہ میں مسابقتی عمل کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔

فصلوں کی کٹائی سے قبل ہونے والے نقصان پر قابو پانے اور کسانوں کی زرعی قرضوں تک رسائی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اجلاس میں فارمل کموڈیٹی مینجمنٹ اور ویئر ہائوس ری سیٹ فنانسنگ سسٹم متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک میں کسانوں کی سہولت کے لئے ڈبلیو ایچ آر ایف کی فراہمی اور اس کو نافذ کرنے میں حائل رکاوٹوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں بینکوں کی صلاحیت میں کمی، ریگولیٹری فریم ورک کا نہ ہونا بھی شامل ہے۔

اجلاس میں کولاٹیریل مینجمنٹ کمپنی کے قانونی مسودے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مجوزہ قانون کولاٹیرلائزیشن الیکٹرانک ویئر ہائوس ر سیٹ (ای ڈبلیو ایچ آر) فنانسنگ میں رابطہ کاری کا کردار ادا کرے گا۔ مشیر خزانہ نے سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان اور سٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے رسیٹ فنانسنگ کے قیام کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ آر ایف کی سہولت کی فراہمی سے زرعی شعبہ میں فصلوں کی کٹائی سے قبل نقصان کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا کہ آئندہ ماہ اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے بھی اجلاس ہو گا۔ مشیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ قانون کا حتمی مسودہ تمام شراکت داروں سے مشاورت کے بعد 4 سے 5 ہفتوں کے دوران جمع کرایا جائے۔ اجلاس میں ایس ای سی پی کے چیئرمین، گورنر سٹیٹ بینک، زیڈ ٹی بی ایل کے قائمقام صدر، سیکرٹری زراعت پنجاب، چیئرمین پی اے سی اور جہانگیر خان ترین نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں