نیب ہر قسم کی بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے‘ انسداد بدعنوانی کی موثر حکمت عملی کے ذریعے وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے نیب پر عزم ہے

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا اجلاس سے خطاب

پیر 15 جولائی 2019 23:28

نیب ہر قسم کی بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے‘ انسداد بدعنوانی کی موثر حکمت عملی کے ذریعے وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے نیب پر عزم ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ہر قسم کی بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق ’’احتساب سب کے لئے‘‘ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے انسداد بدعنوانی کی موثر حکمت عملی کے ذریعے وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے نیب پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں، 2019ء کے دوران 2018ء کے مقابلے میں شکایات، انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز کی تعداد دو گنا ہے۔ گزشتہ 19 ماہ کے اعداد و شمار نیب کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 600 ریفرنس دائر کئے گئے ہیں جبکہ 1210 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے راولپنڈی میں جدید فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹس کے تجزیے کی سہولت موجود ہے جس کو انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں، انویسٹی گیشنز اور احتساب عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کے لئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا گیا ہے۔

نیب نے سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر اور سینئر لیگل کونسل پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔ اس کے باعث کوئی بھی فرد نیب کی تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کی نگرانی کے لئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ نیب نے نوجوانوں کو اوائل عمری میں بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، ملک بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کردار سازی کی 50 ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل، پلڈاٹ، مشال اور عالمی اقتصادی فورم جیسے معتبر اداروں نے نیب کی بدعنوانی کے خاتمے کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔

نیب نے نیب ہیڈ کوارٹرز اور اس کے تمام علاقائی بیوروز میں بہتری کے لئے معیاری اور مقداری نظام وضع کیا ہے جس کے تحت نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا ششماہی اور سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا ہے۔ یہ حکمت عملی کامیاب رہی ہے، مسلسل جائزہ کے باعث نیب کے علاقائی بیوروز کی کارکردگی میں روزبروز بہتری آ رہی ہے۔ چیئرمین نیب نے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے مطابق شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز نمٹائیں تاکہ بدعنوانی کے مقدمات کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں