حکومت آزادی صحافت اور رائے پر یقین رکھتی ہے،کوئی صحافی یا اینکر بتائے کہ حکومت نے کب ان کے منہ پر ٹیپ لگائی یا انہیں سوال لکھ کر بھیجے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 16 جولائی 2019 21:34

حکومت آزادی صحافت اور رائے پر یقین رکھتی ہے،کوئی صحافی یا اینکر بتائے کہ حکومت نے کب ان کے منہ پر ٹیپ لگائی یا انہیں سوال لکھ کر بھیجے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوئی صحافی یا اینکر بتائے کہ حکومت نے کب ان کے منہ پر ٹیپ لگائی یا انہیں سوال لکھ کر بھیجے ہیں، میڈیا پر سنسر شپ ایجنڈے کے پیچھے کوئی اور ہے جو اپنی خواہشات کی تکمیل کیلئے پاکستان کا عالمی سطح پر منفی تشخص پیش کرنے کی سازش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض نام نہاد میڈیا ہائوسز یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حکومت کی طرف سے سنسر شپ بڑھ رہی ہے، ان کی یہ خواہش ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائے گی کیونکہ حکومت آزادی صحافت اور رائے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کونسا صحافی یا اینکر پرسن ہے جو اپنے قلم اور پروگرام کے ذریعے اپنی بے چینی اور تڑپ کو اپنے پروگرام میں بیان نہیں کرتا، اس کے باوجود سنسر شپ کی بات کی جاتی ہے، یہ بتایا جائے کہ حکومت کی جانب سے کس صحافی کے منہ پر ٹیب لگائی گئی یا کسی صحافی یا اینکر کو سوالات لکھ کر بھیجے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں