اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کی 26 ملک گیر کاروائیاں ،

2 ارب 76 کروڑروپے بین الاقوامی مالیت کی1502 کلوگرام منشیات برآمد ، منشیات سمگلنگ میں ملوث 3 خواتین سمیت 39 ملزمان گرفتار،12 گاڑیاںبھی تحویل میں لے لیں ،اے این ایف

بدھ 17 جولائی 2019 16:57

اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کی 26 ملک گیر کاروائیاں ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 26 ملک گیر کاروائیوں کے دوران 2 ارب 76 کروڑروپے بین الاقوامی مالیت کی1502 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات سمگلنگ میں ملوث 3 خواتین سمیت 39 ملزمان کوحراست میں لے لیا اور12 گاڑیاںبھی تحویل میں لے لیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 842.55کلو گرام چرس، 500.465 کلو گرام ایمفیٹامائن،115.11کلو گرام افیون، 42.419 کلو گرام ہیروئن،800 گرام میتھ ایمفیٹا مائن اور4000 عدد زیناکس (نشہ آور گولیاں)شامل ہیں۔

اے این ایف کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین کے قریب ایک لاوارث زمیاد گاڑی کو قبضہ میں لے کر دوران تلاشی گاڑی سے 500 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے منتقل کی جا رہی تھیں۔

دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے سرانان بازار کے قریب کوئٹہ۔چمن روڈ پر ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 18 کلو گرام چرس برآمد کر کے قلعہ عبداللہ کے رہائشی سمیع اللہ نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع پنجگور کے غیر آباد علاقے زامران میں چھاپہ مار کر وہاںاسمگلنگ کی غرض سے ذخیرہ کی گئی 94 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ میں واقع لک پاس ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 3 کلو گرام ہیروئن اور 10 کلو گرام چرس برآمد کر کے کوئٹہ کے رہائشی غلام حسین نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ پرواز نمبر PK-261 ابو ظہبی جانے والے نارتھ وزیرستان کے رہائشی شاہ جہان نامی مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے بحریہ ٹائون راولپنڈی کے سیکٹر بی میں واقع سفاری ہومز کی گلی نمبر 29 سے راولپنڈی کے رہائشی اسفندیار الیاس افّو نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 250 گرام ہیروئن، 1.2 کلو گرام افیون اور 30 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے بحریہ ٹائون فیز 4 راولپنڈی میں واقع ہوٹل چائے خانہ کے قریب راولپنڈی کے رہائشی آصف اور اس کی خاتون ساتھی فرزانہ الیاس فری نامی دو ملزمان کے ذاتی قبضے سے 2.4 کلو گرام افیون، 550 گرام ہیروئن اور 80 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے بحریہ ٹائون فیز 8 میں واقع شاہین کیمسٹ کے قریب راولپنڈی کے رہائشی سیدامر بخاری اور اس کی خاتون ساتھی کراچی کی رہائشی ہیلہ لیاقت الیاس سحر نامی دو ملزمان کے قبضے سے 1.2 کلو گرام افیون،250 گرام ہیروئن اور 80 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے پولیس فائونڈیشن اسلام آباد کے قریب واقع بحریہ ٹائون کے خارجی گیٹ کے قریب اسلام آباد کے رہائشی عاصم خان اور اسلام آباد کے رہائشی عمر سلطان نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 2.4 کلو گرام افیون، 550 گرام ہیروئن اور 80 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

چھٹی کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے ایکسپریس وے اسلام آباد پر واقع پی ڈبلیو ڈی بس سٹاپ کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی ہدایت اللہ اور مانسہرہ کے رہائشی ساجد نامی دو ملزمان کے قبضے سے 2.4 کلو گرام افیون، 550 گرام ہیروئن اور 15 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ساتویں کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بنوں کے رہائشی بخت اللہ جان نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے 4000 عدد زیناکس گولیاں(810 گرام وزنی) برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ملزم پرواز نمبر PK-245 کے ذریعے دمام(سعودی عرب) کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔آٹھویں کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر QR-633 دوحہ (قطر) جانے والے ہنگو کے رہائشی عنایت اللہ نامی مسافر کے ٹرالی بیگ سے 250 گرام ہیروئن، 350 گرام چرس اور 180 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف لاہور نے وزیر آباد۔سیالکوٹ روڈ بھگوال پر واقع شیل پٹرول پمپ کے قریب ایک ٹرالر کو روک کر دوران تلاشی ٹرالر کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 12 کلو گرام چرس برآمد کر کے اٹک کے رہائشی فخر حیات اور میانوالی کے رہائشی امیر نواز نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب ٹیوٹا لینڈ کروزر V-8 اور ٹیوٹا ویگو ڈبل کیبن گاڑی کو روک کر دوران تلاشی ٹیوٹالینڈ کروزر میں موجود سوٹ کیس سے 15 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے موقع پر موجود فیصل آباد کے رہائشی 6 ملزمان رانا ثناء اللہ، محمد اکرم، محمد اسلم، سبطین حیدر، عثمان احمد، محمد عمر فاروق اور امیر رستم کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ملتان میں واقع العزیز پٹرولیم سروسز کے قریب لکی مروت کے رہائشی سمیع اللہ اور آصف خان نامی دو موٹرسائیکل سواروں کو روک کر ان کے قبضے سے 1.2 کلو گرام افیون اور 12 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے کوٹ گوجراں، ملتان میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا XEG گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ کے نیچے چھپائی گئی 4.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے فیصل آباد کے رہائشی محمد الیاس نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران کوہاٹ ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹرک کو روک کر دوران تلاشی ٹرک میں موجود جپسم کی بوریوں میں چھپائی گئی 103.750 کلو گرام افیون برآمد کر کے صوابی کے رہائشی جمشید خان اور جنید خان نامی دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب ایک Vitz کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی میں چھپائی گئی 2.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے پشاور کے رہائشی دائود شوکت اور طواب خان نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب ایک مسافر وین کو روک کر اس میں سوار خیبر ایجنسی کے رہائشی حیدر علی نامی ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے جوتوں میں چھپائی گئی 560 گرام افیون برآمد کر لی۔ چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب خیبر ایجنسی کے رہائشی زاہد نامی ملزم کے جوتوں میں چھپائی گئی 1.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کو مسافر وین میں سفر کے دوران گرفتار کیا گیا۔پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب ایک مسافر وین کو روک کر اس میں سوار راولپنڈی کی رہائشی خاتون نظامہ بی بی اور اس کے ساتھ موجودتین ملزمان محمد حسین، حمید اللہ اور ممریز خان نامی ملزمان کے قبضے سے 1.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کراچی نے خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی کے دوران مبارک ویلج، کیماڑی ٹائون، کراچی میں واقع سوناری پوائنٹ کے قریب چھپائی گئی 675 کلو گرام چرس اور 4 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔مذکورہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھیں۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے قائداعظم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کراچی سے ایک کنٹینر کو قبضہ میں لے کر دوران تلاشی کنٹینر میں موجود بیڈ شیٹوں کے 37 عدد کارٹنوں میں چھپائی گئی 18.019 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے سپر ہائی وے کراچی پر واقع ٹوٹل پٹرول پمپ کے قریب کراچی کے رہائشی آصف حسین اور حسن علی نامی دو موٹرسائیکل سواروں کے قبضے سے 800 گرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے ناردرن بائی پاس، کراچی کے قریب واقع اٹک پٹرول پمپ کے قریب ایک سوزوکی بولان گاڑی کو روک کرگاڑی میں سوار کوئٹہ کے رہائشی محمد نصیر نامی ملزم کے قبضے سے ایک کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے احمد گوٹھ، سیکٹر 4، گلشن معمار، کراچی میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر وہاں سے 10 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود کراچی کے رہائشی غلاوت خان نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں