سپریم کورٹ نے قتل کیس میں سزایافتہ ملزم عبدالناصر کی بریت کے خلاف اپیل مسترد کردی

عدالت نے جھوٹے گواہوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے، مختلف اضلاح میں 15جھوٹے گواہوں کیخلاف کارروائی کی جاری ہے، اس معاملے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں کریں گے، چیف جسٹس

بدھ 17 جولائی 2019 22:50

سپریم کورٹ نے قتل کیس میں سزایافتہ ملزم عبدالناصر کی بریت کے خلاف اپیل مسترد کردی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) سپریم کورٹ نے قتل کیس میں سزایافتہ ملزم عبدالناصر کی بریت کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے جھوٹے گواہوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے، اس وقت مختلف اضلاح میں 15جھوٹے گواہوں کیخلاف کارروائی کی جاری ہے، اس معاملے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں کریں گے۔ بدھ کوچیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

یادرہے کہ لاہور میں پانچ سال قبل ملزم عبدالناصر پر عبدالصمد کو قتل کرنے کاالزام تھا، مقدمہ کے بعدٹرائل کورٹ نے ملزم کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی تاہم ٹرائل کورٹ کے فیصلہ کیخلاف اپیل دائر کرنے پر ہائیکورٹ نے ملزم کو بری کر دیا تھا جس کیخلاف مقتول کے بیٹے عبدالرشید نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کیس کے ریکارڈ کاجائزہ لینے کے بعد کہاکہ ملزم پر لگائے گئے الزام کے مطابق اس نے فون کرکے مقتول کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی لیکن اس حوالے سے عدالت میں کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔

دوسری طرف ملزم سے پولیس کی حراست میں اعترافی بیان لیا گیا تھا اس کے ساتھ قتل کیس کاگواہ کوئی اورنہیں بلکہ مقتول کا بیٹا بن گیا تھا اس لئے لگتاہے کہ اس معاملے میں بھی سچ نہیں بولا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے واضح کیا سب سن لیں کہ ہم نے جھوٹے گواہوں کیخلاف کارروائی شروع کر دی ہے جس کاواضح ثبوت یہ ہے کہ اس وقت مختلف اضلاع میں 15 جھوٹے گواہوں کیخلاف کاروائی چل رہی ہے اور آئندہ بھی اس معاملے میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ بعدازاں عدالت نے مقتول کے لواحقین کی جانب سے ملزم کے بریت کیخلاف اور اس سزا بڑھانے کیلئے دائر دونوں اپیلیں مسترد کر دی اورکیس نمٹادیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں