حکومت کو 5سال دینے کیلئے تیار ہیں عوام یہ مدت پوری نہیں کرنے دیگی،مریم نواز

ملک میں آزادی اظہار معطل ہوچکا ہے، متعدد مرتبہ ہم سے رابطہ کیا گیا لیکن ہم نے بات چیت نہیں کی، میں اور نواز شریف بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کر سکتے، جتنے مرضی قائدین گرفتار کرلیں ڈرنے والے نہیں احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

جمعہ 19 جولائی 2019 21:06

حکومت کو 5سال دینے کیلئے تیار ہیں عوام یہ مدت پوری نہیں کرنے دیگی،مریم نواز
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کو 5 سال دینے کے لیے تیار ہیں لیکن عوام یہ مدت پوری نہیں کرنے دیں گے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کی دائر کردہ درخواست پر طلب کیے جانے پر مریم نواز پیش ہوئی اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک میں آزادی اظہار معطل ہوچکا ہے، متعدد مرتبہ ہم سے رابطہ کیا گیا لیکن ہم نے بات چیت نہیں کی، میں اور نواز شریف بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کر سکتے۔اس دوران ان سے سوال کیا گیا کہ وہ کیا لوازمات ہیں ، جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ اس کے لیے اصولوں کی قربانی دینا پڑتی ہے اور ہم اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جتنے مرضی قائدین گرفتار کرلیں، ڈرنے والے نہیں، میں موجودہ حکومت کو 5 سال دینے کو تیار ہوں لیکن عوام یہ مدت پوری نہیں کرنے دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اب کسی کی جرت نہیں کہ آمریت کی طرف دیکھے، آمر ناکام ہوچکے اور آج وہ بیمار ہیں، خدا انہیں صحت دے۔نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ڈیل دینے کی باتیں کرنے والے کو خود ڈیل کی ضرورت پڑ گئی ہے، حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، جب پارٹی فیصلہ کرے گی تو احتجاج کریں گے۔۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں