مولانا فضل الرحمان کو بڑا جھٹکا

بلاول بھٹو اور شہباز شریف کا مولانا کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 17 اگست 2019 23:18

مولانا فضل الرحمان کو بڑا جھٹکا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اگست2019ء) حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس پرسوں ( پیر ) کے روز منعقد ہو گی ۔اسلام آباد میں ہونے والی اے پی سی کی صدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ تاہم مولانا فضل الرحمان کو اس حوالے سے بڑا جھٹکا لگا ہے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے چئیرمین اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے 19اگست کو اے پی سی بلائی ہے لیکن اسی دن بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان جا رہے ہیں، بلاول بھٹو ایک ہفتے کے دورے پر گلگت جارہے ہیں اس لیے وہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کا یہ دورہ پہلے سے ہی طے تھا اور وہ آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں اس پر مزید مشاورت کی جائے گی۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کمر کی درد میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں دس دن کے آرام کا مشورہ دیا ہے اس لیے وہ بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر پیدا شدہ صورتحال پہ غور و خوص کریں گی ۔ اے پی سی میں سینیٹ میں ناکام ہونے والی تحریک عدم اعتماد کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔بتایا گیا ہے کہ اے پی سی میں موجودہ حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاجی حکمت عملی طے کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا لیکن پاکستان مسلم لیگ ن کے چئیرمین اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں