وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ایوان صدر، وزیراعظم ہائوس، قومی اسمبلی سمیت مختلف وفاقی اور صوبائی اداروں نے قومی خزانہ میں اربوں روپے کی بچت کی‘ صدارتی سیکرٹریٹ نے 22 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت کی‘ صدر مملکت عارف علوی کی ہدایات کے تحت کارکردگی اور کام کے معیار کو متاثر کئے بغیر اخراجات میں کمی لائی گئی ہے‘

صدارتی سیکرٹریٹ سمندر پار پاکستانیز کے ماتحت ادارے او پی ایف نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت 12 اضافی گاڑیوں کی نیلامی کی‘ وزرات مواصلات نے مخلتف اخراجات میں کمی کرتے ہوئے ساڑھے 3 ارب روپے کی بچت کی

پیر 19 اگست 2019 18:37

وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ایوان صدر، وزیراعظم ہائوس، قومی اسمبلی سمیت مختلف وفاقی اور صوبائی اداروں نے قومی خزانہ میں اربوں روپے کی بچت کی‘ صدارتی سیکرٹریٹ نے 22 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت کی‘ صدر مملکت عارف علوی کی ہدایات کے تحت کارکردگی اور کام کے معیار کو متاثر کئے بغیر اخراجات میں کمی لائی گئی ہے‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ایوان صدر، وزیراعظم ہائوس، قومی اسمبلی سمیت مختلف وفاقی اور صوبائی اداروں نے قومی خزانہ میں اربوں روپے کی بچت کی ہے۔ صدارتی سیکرٹریٹ کی طرف سے حال ہی میں جاری تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی لانے کی مہم کے تحت صدارتی سیکرٹریٹ نے 22 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت کی۔

صدر مملکت عارف علوی کی ہدایات کے تحت کارکردگی اور کام کے معیار کو متاثر کئے بغیر اخراجات میں کمی لائی گئی ہے۔ گزشتہ مالی سالوں کے مقابلے میں رواں مالی سال 2018-19ء کیلئے اخراجات کا تخمینہ مختص بجٹ سے 6.1 فیصد کم ہے، اس دوران بالواسطہ اور بلاواسطہ بچت کی گئی ہے، صدر کے سیکورٹی سٹاف کو لانے اور لے جانے کیلئے اب خصوصی سی ون 30 طیارے کے بجائے پاکستان ایئر فورس کی معمول کی مینٹیننس فلائٹس استعمال ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح صدر مملکت اندرون و بیرون ملک سفر بھی کمرشل فلائٹس کے ذریعے کرتے ہیں جس کے نتیجہ میں 11 کروڑ 27 لاکھ کی بچت ہوئی۔ مزید برآں ایوان صدر کو تمام وزارتوں کیلئے اپنے میگا ایونٹس فائیو سٹار ہوٹلوں کی بجائے ایوان صدر میں منعقد کرنے کیلئے بھی کھول دیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں مختلف وزارتوں کو اس مد میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی بچت ہوئی۔

علاوہ ازیں صدر کے قافلہ میں افسران و اہلکاروں کی تعداد 36 سے کم کر کے 16 کر دی گئی جس سے 58 لاکھ روپے کی بچت ہوئی، اسی طرح ایوان صدر میں منظور شدہ تعداد سے کم ملازمین رکھے گئے ہیں اور اس مد میں بھی 3 کروڑ 84 لاکھ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ کفایت شعاری کے ان اقدامات کا فی کس کے حساب سے تجزیہ کیا جائے تو خالی اسامیوں پر نئی بھرتیاں نہ کر کے تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں 3 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بچت کی گئی ہے۔

کنوینس اور موٹر کارز بجٹ میں سے 10.1 فیصد اور ٹیلی فون و انٹرنیٹ بجٹ میں سے 20 فیصد بچت کی گئی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر کفایت شعاری مہم پر عمل درآمد جاری ہے، پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار اسمبلی سیکریٹریٹ کے اخراجات میں بڑے پیمانے پربچت ہوئی اور موجودہ مالی سال کے دوران 63 کروڑ روپے سے زائد رقم بچائی گئی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بچت مہم سے وزارت خزانہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ اسمبلی کے کل بجٹ کا 18 فیصد کفایت شعاری مہم سے بچایا گیا، رقم تحائف، خاطر مدارت اور سفری اخراجات کی مد میں بچائی گئی، اس کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ کے اندرون و بیرون ملک دوروں میں کمی سے بھی بچت ہوئی۔ سمندر پار پاکستانیز کے ماتحت ادارے او پی ایف نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت 12 اضافی گاڑیوں کی نیلامی کی۔

معاون خصوصی زلفی بخاری نے محکمے کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر شیخ کی کوششوں کو سراہا، گاڑیوں کی نیلامی سے او پی ایف کو 71 لاکھ روپے وصول ہوئے۔ او پی ایف نیلامی کے بعد فیول کی مد میں سالانہ 18 اعشاریہ 5 لاکھ روپے بچائے گا جبکہ گاڑیوں کی مرمت کی مد میں 13 لاکھ روپے کی سالانہ بچت بھی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق وزرات مواصلات نے بھی مخلتف اخراجات میں کمی کرتے ہوئے ساڑھے 3 ارب روپے کی بچت کی۔

کفایت شعاری مہم کے تحت وزارت مواصلات نے اپنی اضافی گاڑیاں نیلام کر دیں، تمام تر اعداد و شمار کو اکٹھا کر کے مجموعی طور پر محکمہ مواصلات 11 ارب 48 کروڑ روپے کی بچت کرنے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر عمر چیمہ نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری مہم کا آغاز اپنے آپ سے کیا اور وزیراعظم اپنے ذاتی اخراجات خود ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے سادگی کا طرز عمل اختیار کر کے دوسروں کے لئے مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جب اقتدار میں آئی تو ملک کو شدید معاشی بحران کا سامنا تھا۔ حکومت نے اس تناظر میں کفایت شعاری کا فیصلہ کیا اور مختلف اداروں میں اخراجات کی کمی کے لئے اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں نہ صرف وفاقی سطح پر بلکہ صوبائی سطح پر بھی کفایت شعاری مہم پر عمل درآمد جاری ہے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہو رہی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم پر عمل کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مالی سال 2018-19ء کے دوران 20.5 ملین روپے کی بچت کی ہے۔ بجٹ میں کمی اور کفایت شعاری اقدامات کے نتیجہ میں 37.764 ملین روپے قومی خزانہ کو واپس کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں