ملزمان کی پی آئی اے کے طیارے پر مبینہ فائرنگ

اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہوائی فائرنگ کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، ملزمان گرفتار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 21 اگست 2019 11:53

ملزمان کی پی آئی اے کے طیارے پر مبینہ فائرنگ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2019ء) : اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہوائی فائرنگ کے باعث طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے جبکہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز کے طیارے پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 352 پر فائرنگ کا واقعہ اسلام آباد ایئر پورٹ لینڈنگ کے وقت پیش آیا۔

واقعہ رات 10 بجے پیش آیا ، مذکورہ طیارہ فائرنگ رینج سے باہر ہونے کے باعث محفوظ رہا۔کنٹرول ٹاور کی اطلاع دیے جانے کے بعد پرواز کو دوسرے رن وے پر لینڈ کروایا گیا۔طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کرلی۔مسافر اور طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کے فوری بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ایئرپورٹ کے قریب ایک شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ ہوئی۔

واضح رہے پی آئی اے کی پروازوں کے ساتھ آئے روز حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ گذشتہ سال بھی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی کراچی سے جانے والی پرواز کو پنجگور ائیرپورٹ پر حادثہ پیش آیا تھا اور طیارہ رن وے سے اتر کر کچی زمین پر پہنچ گیا۔ کراچی سے جانےو الی پی آئی اے کی پرواز پی کے 517 نے جیسے پنجگور ائیرپورٹ پر لینڈ کیا تو طیارہ رن وے سے بے قابو ہو کر کچی زمین پر اتر گیا۔

جس کے نتیجے میں جہاز کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔تاہم ائیرپورٹ حکام کے مطابق طیارے میں تمام سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔مالی مسائل میں گھر قومی ائیرلائن کی کسی پرواز کے ساتھ اس قسم کا حادثہ پہلی بار پیش نہیں آیا بلکہ پی آئی اے کی متعدد پروازیں حادثات کا شکار ہوتی رہتی ہیں۔ دسمبر 2016میں چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔

جس کے نتیجے میں عملے سمیت طیارے میں سوار 47 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔جن میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی شامل تھے۔اسی سال ملتان میںپی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز کے انجن میں ٹیک آف سے پہلے آگ بھڑک اٹھی تھی۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ لاہور ائیرپورٹ پر قومی ائیرلائن پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں