ہندوستان نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے،

خوراک اور ادویات تک میسر نہیں، خواتین کو زچگی کی حالت میں ہسپتالوں تک رسائی حاصل نہیں ہو رہی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ناروے کی وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پرگفتگو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے میں کردار ادا کرنے کی اپیل

بدھ 21 اگست 2019 17:14

ہندوستان نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ناروے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے جبکہ ناروے کی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ خطہ میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا مستقل حل ضروری ہے، ناروے تنازعہ کے حل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔

یہ بات بدھ کو وزیر خارجہ اور ان کی ناریجن ہم منصب اینہ اریکسون سورائدے کے مابین ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران کہی گئی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطہ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے اپنی نارویجن ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ہندوستان نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے جس کے باعث خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں، خواتین کو زچگی کی حالت میں ہسپتالوں تک رسائی حاصل نہیں ہو رہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ناروے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ناروے کی وزیر خارجہ نے اس ساری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس مسئلہ سے متعلقہ تمام فریقین مل بیٹھ کر اس کے پرامن حل کی جانب پیشرفت کریں۔

دونوں وزراء خارجہ کے مابین افغان امن عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔ نارویجن وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت مصالحانہ کردار کو سراہا۔ نارویجن وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ خطہ میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا مستقل حل ضروری ہے، ناروے فریقین کی آمادگی کی صورت میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں