مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف اصولی ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی. ترجمان دفتر خارجہ

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر توجہ دے‘بھارت کے حالیہ غیر قانون اقدام کے بعد نسل کشی کے خدشات ہیں. ڈاکٹر محمد فیصل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 22 اگست 2019 13:11

مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف اصولی ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی. ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اگست۔2019ء) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی فورم پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر موثر انداز میں آواز اٹھائی ہے، جبکہ عالمی برادری سے مطالبہ بھی کیا کہ وہ وادی کی صورتھال پر توجہ دے. اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف اصولی ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی‘انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر توجہ دے.

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ مقبوضہ وادی میں ایک ہفتے کے دوران کریک ڈاﺅن اور سرچ آپریشنز میں 4 کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ وادی میں مزید اموات کے خدشات ہیں. واضح رہے کہ پاکستان متعدد مرتبہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی اضافی نفری کے پیش نظر اور بھارت کے حالیہ غیر قانون اقدام کے بعد نسل کشی کے خدشات کا اظہار کرچکا ہے. ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور بلیک آﺅٹ کا آج 19واں روز ہے، جبکہ اس دوران بھارتی افواج کے ہاتھوں سینکڑوں کشمیری زخمی ہوچکے ہیں اور 9 لاکھ سے زائد فوجی وادی میں موجود ہیں.

انہوں نے بتایا کہ بھارتی حکام کی جانب سے کشمیر میں لگائے جانے والے کرفیو کی وجہ سے وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکی ہے‘ کشمیر میں ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے. کشمیر کی حالیہ صورتحال پر پاکستانی سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے رابطے کیے اور عالمی رہنماوں سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو بند کروانے کا مطالبہ کیا‘انہوں نے ایک مرتبہ پھر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں ہے.

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر اور علاقائی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا تھا. دوسرے ہمسایہ ملک افغانستان میں ہونے والے حالیہ واقعات پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم افغانستان میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں‘ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان میں داعش کی موجودگی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس تنظیم کا کوئی منظم وجود ہے.

پاک بھارت سرحد کھلے ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں موجود بھارتی شہری واہگہ سے واپس جاسکتے ہیں، جبکہ بھارت میں پاکستانیوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں‘انہوں نے بتایا کہ بھارت نے 20 اگست کو ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس سے ایک شہری شہید ہوا. ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کرتار پور راہداری جلد کھولنے کا خواہشمند ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں