بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتے ہیں، کاروباری طبقہ سے متعلق سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے مقدمات شروع نہیں کریں گے، مقدمات پہلے سے موجود مقدمات کو قانون کے مطابق ایف بی آر کو واپس بھجوایا جائے گا، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کی فلور ملز مالکان کو جاری نوٹسز جاری کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے

چیئرمین نیب کی وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو

جمعہ 23 اگست 2019 15:58

بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتے ہیں، کاروباری طبقہ سے متعلق سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے مقدمات شروع نہیں کریں گے، مقدمات پہلے سے موجود مقدمات کو قانون کے مطابق ایف بی آر کو واپس بھجوایا جائے گا، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کی فلور ملز مالکان کو جاری نوٹسز جاری کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے بزنس کمیونٹی کی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، بزنس کمیونٹی ملک کی ترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، نیب انسان دوست اور بزنس فرینڈلی ادارہ ہے جو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

نیب اب سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے مقدمات جو کاروباری طبقہ سے متعلق ہیں، شروع نہیں کرے گا اور جو مقدمات پہلے سے موجود ہیں ان کو قانون کے مطابق ایف بی آر کو واپس بھجوایا جائے گا ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کی فلور ملز مالکان کو نیب ملتان کی جانب سے جو نوٹسز جاری کئے ہیں ان کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر عبدالرئوف مختیار‘ ریجنل چیئرمین اور نائب صدر ایف پی سی سی آئی عبدالوحید شیخ‘ وائس پریذیڈنٹ ایف پی سی سی آئی محمد اعجاز عباسی‘ وائس پریذیڈنٹ ایف پی سی سی آئی قربان علی‘ وائس پریذیڈنٹ ایف پی سی سی آئی شیخ طارق صدیق ‘ سابق صدر آئی سی سی آئی افتخار احمد مٹو جبکہ پی ایف ایم اے کے عہدیداران میاں محمد ریاض اور احمد جبار بھی موجود تھے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ نیب اقدامات سے تاجر برادری پریشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے حقائق پر بات کروں گا، نیب کے کسی اقدام سے تاجر برادری کیلئے مشکلات پیدا نہیں ہوئیں اور نہ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاجر خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا، اس نقطہ نظر کو سامنے رکھ کر نیب اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب مقدمات کی تفتیش کے دوران کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کرتا ، چیئرمین نیب کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد ہر ماہ کی آخری جمعرات کو لوگوں کی شکایات خود سننے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد، ضمیر، پاکستان کی بہتری، معیشت کی بہتری، دیانتداری سے کام کرنے والے اور ہزاروں مزدوروں کو روزگار دینے والے تاجروں کو کسی صورت بھی ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ انہوں نے غریب لوگوں سے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹی ہے۔ انہوں نے لوگوں کو نہ پلاٹ دیئے ہیں اور نہ ان کی رقوم واپس کی ہیں جس کے باعث وہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ غریبوں کے خون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک بھاگ جانے والوں کو نیب کسی صورت نہیں چھوڑے گا چاہے، ان سے لوٹی گئی دولت واپس لائیں گے اور غریبوں تک پہنچائیں گے یہ میرا فرض ہے، نیب افسران قانون کے مطابق بد عنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فرض سمجھ کر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی شکایات کو فوری طور پر نمٹانے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میںڈائریکٹر نیب کی سربراہی میں خصوصی ڈیسک قائم کیا گیاہے کیونکہ نیب تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے موجود ہے، ذاتی مفاد کی بجائے ملکی مفاد کو تحفظ دینے والے تاجر کے مفاد کو تحفظ دیا جائے گا، بلاتفریق تمام طبقوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، ملک اربوں ڈالرز کا مقروض ہے، یہ پیسے ملک کی ترقی کیلئے لئے گئے تھے لیکن ان کو عوام پر خرچ نہیں کیا گیا، اس پیسے کو خرچ کرنے والوں کو جوابدہ بنانا میرا فرض ہے اسے پہلے بھی پورا کر رہا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کسی فیس کو نہیں کیس کو دیکھتا ہے ہمارے مفادات اور وفاداریاں پاکستان اور پاکستانی عوام سے ہیں، ہمارا مقصد کمزور معیشت کو بہتر کرنا اور اربوں روپے باہر لے جانے والوں سے لوٹی گئی رقم واپس لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کی فلور ملز مالکان کو نیب ملتان کی جانب سے جو نوٹسز جاری کئے ہیں ان کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے۔ وہ خود فلور ملز سے متعلق نوٹسز کا جائزہ لیں گے۔ وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے وفد نے صدر انجینئر دارد خان اچکزئی کی سربراہی میں چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ذاتی کاوشوں کو سراہا اور نیب پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں