صحافیوں کی نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی سے عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑنے میں مدد ملے گی،

مودی کو خبردار کرتے ہیں کہ تمہارے جھوٹے بیانیہ کی ایک نہیں چلنے دیں گے، مقبوضہ وادی میں کشمیری مسلمانوں سے مذہبی آزادی تک چھین لی گئی، مودی سن لو تمہاری مقبوضہ وادی میں سیاہ کاریاں تاریخ میں تمہارا تعارف رہیں گی، متعصب بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر تلی ہوئی ہے، پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں،وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان ہیں اور عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ہم اپنی بقاء اور انسانیت کے ساتھ جڑا بیانیہ سمجھتے ہیں،میڈیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا صحافی تنظیموں کی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب

جمعہ 23 اگست 2019 18:27

صحافیوں کی نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی سے عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑنے میں مدد ملے گی،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صحافیوں کی نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی سے عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑنے میں مدد ملے گی، مودی کو خبردار کرتے ہیں کہ تمہارے جھوٹے بیانیہ کی ایک نہیں چلنے دیں گے، مقبوضہ وادی میں کشمیری مسلمانوں سے مذہبی آزادی تک چھین لی گئی، مودی سن لو تمہاری مقبوضہ وادی میں سیاہ کاریاں تاریخ میں تمہارا تعارف رہیں گی، متعصب بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر تلی ہوئی ہے، پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں،وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان ہیں اور عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ہم اپنی بقاء اور انسانیت کے ساتھ جڑا بیانیہ سمجھتے ہیں،میڈیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے صحافی تنظیموں کی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر ریلی شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیری مسلمانوں سے مذہبی آزادی تک چھین لی گئی، بھارت ریاستی دہشت گردی اور ہندو انتہاء پسندانہ سوچ رکھنے والی ریاست ہے، صحافیوں کی یہ ریلی اقوام عالم کیلئے یہ پیغام ہے کہ پاکستان کا ہر طبقہ فکر رنگ، نسل اور فرقہ سے بالاتر ہو کر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، ہمارا کشمیریوں کے ساتھ خون کا رشتہ ہے، کشمیریوں کے دکھ، درد، مصائب اور پریشانیاں ہم بھی محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی، انہیں گھروں سے نہیں نکلنے دیا گیا، فوجی محاصرہ کے باعث وہ اپنے بنیادی حقوق سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ جینو سائیڈ واچ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے نسل کشی کا الرٹ جاری کیا ہے، اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعصب بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر تلی ہوئی ہے جبکہ ہندوستان میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری غذائی قلت کا شکار ہیںِ، بچے بھوک سے بلک رہے ہیں، کشمیریوں کو علاج تک رسائی حاصل نہیں، مودی کا بیانیہ ہے کہ یہ عمل کشمیریوں کی بہتری کیلئے کیا جا رہا ہے، مودی نے اپنے اس ناپاک منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے 9 لاکھ سے زائد فوجی مقبوضہ کشمیر میں تعینات کر رکھے ہیں، اگر اس کا بیانیہ درست ہوتا تو کشمیری اس کی حمایت کرتے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو خبردار کرتے ہیں کہ تمہارے جھوٹے بیانیہ کی ایک نہیں چلنے دیں گے، مودی حکومت انتہاء پسند ہندو تنظیم کے نازی نظریہ پر عمل پیرا ہے، مودی جان لے کہ فتح ہمیشہ حق سچ کی ہوتی ہے، کشمیریوں کا بچہ بچہ پاکستان کے اصولی مؤقف کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان ہیں اور عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کشمیر کور گروپ کی پیشرفت کا تسلسل سے جائزہ لے رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیر کے حوالہ سے ہم بھارت کے ساتھ نظریاتی جنگ لڑ رہے ہیں، ایک انتہاء پسندانہ نظریہ بھارت کا ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان کے ساتھ جڑے مظلوم اور کشمیری ہیں اور ان کا مؤقف حق اور سچ پر مبنی ہے، پاکستان ان کی بین الاقوامی سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہرکشمیری جانتا ہے کہ پاکستان ہر فورم پر ان کے جذبات کی ترجمانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ہم اپنی بقاء اور انسانیت کے ساتھ جڑا بیانیہ سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی سن لو تمہاری مقبوضہ وادی میں سیاہ کاریاں تاریخ میں تمہارا تعارف رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی مؤثر آواز بن کر عالمی سطح پر ہر فورم پر جانے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہتے صحافی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کنٹرول لائن پر جا رہے ہیں، کشمیر ریلی سے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم مزید بے نقاب ہوں گے، صحافیوں کا نہتے کشمیریوں کے حق میں لائق تحسین اقدام عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، میڈیا کو اس حوالہ سے مزید مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ عالمی میڈیا کی توجہ اس گھمبیر معاملہ کی جانب دلائی جا سکے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور صحافی قائدین نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں