ندیم افضل چن پارٹی میں مناسب مقام نہ ملنے پر نالاں تھے

ندیم افضل چن نے کئی بارعمران خان کے موقف سے بھی اختلاف کیا،نعیم الحق سے جھگڑا استعفیٰ کی وجہ بن گیا۔ سینئیر صحافی کے انکشافات

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 اگست 2019 12:28

ندیم افضل چن پارٹی میں مناسب مقام نہ ملنے پر نالاں تھے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اگست 2019ء) سینئیر صحافی عمران یعقوب نے ندیم افضل چن کے ترجمان وزیراعظم کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ندیم افضل چن پارٹی میں مناسب مقام نہ ملنے پر نالاں تھے،انہوں نے کہا کہ ندیم افضل چن ایک وضع دار اور سنجیدہ سیاستدان ہیں۔انہوں نے نچلے د رجے سے سیاست شروع کی تھی۔جب ندیم افضل تحریک انصاف میں آئے تو انہیں عمران خان سے گلا تھا کہ مجھے پارٹی میں صحیح مقام نہیں دیا گیا،اس کے علاوہ دو تین دفعہ وزیراعظم عمران خان کے موقف سے بھی اختلاف کیا،عمران یعقوب کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاسی لیڈر یہ برداشت نہیں کرتے کہ ان کی مخالفت کی جائے۔

ندیم افضل چن کو یہ بھی گلا تھا کہ اہم میٹنگز کے بعد انہیں پریس کانفرنس نہیں کرنے دی جاتی اور نہ ہی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد انہیں میڈیا سے گفتگو کی اجازت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سب سے بڑھ کر یہ وجہ تھی کہ ندیم افضل چن کا نعیم الحق سے جھگڑا بھی ہو گیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کر دیا۔جب کہ دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ندیم افضل چن کو اپنا ترجمان مقرر کر رکھا تھا۔

تاہم ندیم افضل چن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ندیم افضل چن پر سخت دباؤ تھا کہ وہ اپوزیشن اور خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف سخت زبان استعمال کریں۔ تاہم ندیم افضل چن مسلسل اس بات سے اعتراض کر رہے تھے۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر اپنے عہدے اور حکمراں جماعت کے کئی لوگوں کے رویے سے سخت نالاں تھے۔ ندیم افضل چن نے اسی باعث وزیراعظم کے ترجمان کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں