پاکستان کی کامیاب سفارتکاری، مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے کا امکان

بھارت کو کس طرح سے عالمی دباؤ میں لانا ہے؟ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کامیاب سفارتی مہم کی منصوبہ بندی کر لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 25 اگست 2019 14:45

پاکستان کی کامیاب سفارتکاری، مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے کا امکان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 اگست 2019ء) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں مودی کی حکومت کے مظالم کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے کے لیے اپنی سفارتی مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے معاملے کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے کے لیے لیے سفارتی رابطوں میں تیزی لائی جائےتاکہ مودی حکومت عالمی دباؤ پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کردے۔

وفاقی حکومت کے اعلی ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی جانب سے چین، امریکا، روس اور دیگر ممالک سمیت اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر سفارتی رابطوں میں ان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی مظالم سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان ممالک اور عالمی فورم سے رابطوں کے سبب مودی حکومت پر عالمی برادری کے سفارتی دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان کی کامیاب سفارتکاتی مہم کے سبب اقوام متحدہ سمیت سلامتی کونسل کے مختلف ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مودی حکومت سے مسلسل رابطے اور سفارتی دباؤ کے ذریعے اس معاملے کو حل کرانے اور کرفیو کو ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔جبکہ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کیے جانے پر مودی حکومت بوکھلاہٹ اور سفارتی دباؤ کا شکار نظر آرہی ہے۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پرامن اور جمہوری جدوجہد کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے اس کو عالمی سطح پر ناکامی کا سامنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے اعلیٰ حکام کو اپنے سفارتی رابطوں میں اس بات کی امید ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتی حکمت عملی کے سبب بھارت جلد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کردے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں