اسلام آباد میں لاک ڈاؤن آزادی مارچ اکتوبر میں کیا جائےگا، مولانا فضل الرحمان

ہم پرامن لوگ ہیں اورملین مارچ پرامن ہوگا، دینی مدارس کے حوالے سے تنظیم المدارس کے مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 25 اگست 2019 18:36

اسلام آباد میں لاک ڈاؤن آزادی مارچ اکتوبر میں کیا جائےگا، مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 اگست 2019ء) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں لاک ڈاؤن آزادی مارچ اکتوبر میں کیا جائے گا، ہم پرامن لوگ ہیں اورملین مارچ پرامن ہوگا، دینی مدارس کے حوالے سے تنظیم المدارس کے مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔ مرکزی مجلس شورہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف )نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن آزادی مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ،پورا ملک اس حکومت کے خاتمہ کے لئے اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گا۔

اپوزیشن جماعتوں کے اشتراک عمل کیلئے رابطوں میں ہیں۔ بھرپور اشتراک عمل کے ساتھ اسلام آباد میں یکجا ہونے کے کئے کوششیں جاری ہیں،رہبر کمیٹی اور سربراہی اجلاس میں اشتراک عمل کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پانچ اگست کے بعد کشمیر نے نئے انتفادہ کی شکل اختیار کرچکی ہے،ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں ،جو کچھ ہوا حکومت اس سے پوری طرح آگاہ تھی۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مودی کی طرف سے کشمیر ہڑپ کرنے کا پلان طے تھا ،حکومت بین الاقوامی سفارتکاری میں تساہل کا مظاہرہ کیا۔ بی جے پی کے انتخابی منشور میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا ذکر تھا مگر ہماری حکومت نے مجرامانہ غفلت سے کام لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی مکمل طورپرناکام ہورہی ہے۔ کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

عالمی برادری نے مجرمانہ طور پر کشمیرکے معاملے پرآنکھیں بند کررکھی ہیں۔ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیرمیں کرفیونافذ ہے اور کشمیریوں کے پاس راشن بھی ختم ہوگیا ہے،کشمیرمیں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف اکتوبرمیں اسلام آباد میں آزادی مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم پرامن لوگ ہیں اورملین مارچ پرامن ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دینی مدارس کے حوالے سے تنظیم المدارس کے مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔ دوسری جانب دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز بتادیں کہ پیسے کیسے آئے تو کل رہا ہوجائیں گے، فضل الرحمان کی سربراہی میں کشمیر کمیٹی پر 3 سال میں کروڑوں خرچ ہوگئے، مولانا فضل الرحمان کے لئے اسلام نہیں اسلام آباد اہم ہے، کھالوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، مولانا فضل الرحمان اگلے دو سال میں ویسے ہی فارغ ہو جائیں گے، کشمیر پر پاکستان کا سفارتی اور سیاسی نظریہ بالکل صحیح ہے، ہم درست طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا سفارتی اور سیاسی نظریہ بالکل صحیح ہے، ہم درست طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ امریکا بہت سود مند رہا، سلامتی کونسل نے کشمیرکو بھارت کا اندرونی معاملہ تسلیم نہیں کیا، امریکی صدر نے عمران خان اور مودی سے 2،2 بار بات کی، ٹرمپ نے کہا کہ وہ فرانس میں بھارت کے ساتھ معاملہ اٹھائیں گے۔

وزیراعظم 27 ستمبر کو یو این کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ دو ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہیں، بھارت امن چاہتا ہے تو امن دکھائیں گے، جنگ چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی تیار ہیں، بھارت سے تین جنگیں لڑچکے، چوتھی کے لیے بھی تیار ہیں، ہمارا بچہ بچہ جنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے، آپ ہمیں مکا دکھائیں گے تو ہم آپ کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں