اقوام متحدہ نے بھارت کو قابل شرم ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا

فہرست میں ایسے ممالک کو رکھا کیا گیا ہے جہاں انسانی حقوق کی خاطر کام کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے

اتوار 25 اگست 2019 19:15

اقوام متحدہ نے بھارت کو قابل شرم ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا
جنیوا/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) اقوام متحدہ نے بھارت کو قابل شرم ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ۔جنرل سیکرٹری انٹونیو گوٹیریز کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق فہرست میں ایسے ممالک کو رکھا کیا گیا ہے جہاں انسانی حقوق کی خاطر کام کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ کی فہرست میں مجموعی طور پر 38 ممالک شامل ہیں جن میں سے 29 کو پہلی بار درج کیا گیا ہے۔

اس فہرست میں جن ممالک کو رکھا گیا ہے وہاں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کو قتل، تشدد، بد سلوکی، مجرمانہ سلوک، الزام اور گرفتاریوں کا سامنا ہے۔انٹونیو گوٹیریز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ ہم ان بہادر لوگوں کی خدمات کو سراہتے ہیں جنہوں نے مشکلات کے باجودہ ہمیں آگاہ رکھا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل نے لکھا کہ اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرنے والوں سزائیں دینا ایک قابل شرم عمل ہے اور اسے ختم ہونا چاہیے۔

جن ممالک کو قابل شرم قرار دیا گیا ہے وہاں اقوام متحدہ کے نمائندوں پر بیرونی طاقتوں کے آلہ کار ہونے کا الزام بھی لگایا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق قومی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کی آڑ میں کمیونٹی اور سول سوسائٹی کا اقوام متحدہ سے رابطہ ختم کرنا ایک پریشان کن بات ہے۔اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرنے والی خواتین کو جنسی زیادتی اور آن لائن ہراساں کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

اسسٹنٹ سیکرٹری انڈریو گیلمور کے مطابق رپورٹ میں جن واقعات کا ذکر کیا گیا ہے وہ اصل حقائق سے بہت کم ہیں جب کہ ہمیں سیاسی، قانونی اور انتظامی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔یو این کی فہرست میں جن ممالک کو رکھا گیا ہے ان میں بھارت، روس، میانمار، مالدیپ، اسرائیل، ہنگری، فلپائن، تھائی لینڈ، وینزویلا، روانڈا، مصر، کانگو، کیوبا، کولمبیا اور دیگر شامل ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں