مودی کا بیان پاکستان کیخلاف نفرت انگیزمہم کی ترجمانی ہے، دفتر خارجہ

بھارت من گھڑت بیانات کے بجائے کشمیرکیلئے اُٹھنے والی آوازوں پر توجہ دے، بھارت ایسے بیانات سے کشمیرسے عالمی برادری کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 12 ستمبر 2019 19:20

مودی کا بیان پاکستان کیخلاف نفرت انگیزمہم کی ترجمانی ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 ستمبر2019ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مودی کا بیان پاکستان کیخلاف نفرت انگیزمہم کی ترجمانی کرتا ہے، بھارت من گھڑت بیانات کے بجائے کشمیرکیلئے اُٹھنے والی آوازوں پر توجہ دے، بھارت ایسے بیانات سے کشمیرسے عالمی برادری کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم کے پاکستان کو دہشتگردی سے جوڑنے کے بیان پرپاکستان نے ردعمل دیا ہے کہ مودی کا بیان پاکستان کے خلاف نفرت انگیزمہم کی ترجمانی کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کیخلاف بیان بازی سے کشمیرمیں دہشتگردی سے توجہ نہیں ہٹائی جا سکتی۔ بھارت ایسے بیانات سے کشمیرسے عالمی برادری کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ بھارت کے5 اگست کے اقدام سے جموں وکشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

4 اگست سے جاری کرفیو اورلاک ڈاؤن 40 ویں دن میں داخل ہوچکا ہے۔ بھارت من گھڑت بیانات کے بجائے کشمیرکیلئے اُٹھنے والی آوازوں پر توجہ دے۔

مزید برآں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، آئینی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جمہوریت کی جھوٹی دعویدار بھارتی حکومت کا سفاکانہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے جس کے باعث دنیا مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم پر بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، آئینی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا اور ہم ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کشمیری بھائیوں کو باور بھی کروایا کہ وہ حقوق کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔ اسی طرح ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر 58 ممالک کا مشترکہ اعلامیہ آنا پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کیلئے کئی ممالک ثالثی کیلئے تیار ہیں مگر بھارت تیار نہیں ،پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بیک ڈور سفارت کاری نہیں ہو رہی،افغان تنازع کا واحد حل سیاسی مذاکرات کے ذریعے ہے ، امید ہے امریکہ اور فغان طالبان کے درمیان مذاکرات جلد بحال ہو نگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں