ٹیکسز کے معاملے پر کسی سے کوئی سودے بازی نہیں ہوگی: مشیرخزانہ

ہم نے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھانی ہیں، ٹیکس ریونیو بڑھانا ہے اور اخراجات کم کرنے ہیں: حفیظ شیخ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 ستمبر 2019 18:07

ٹیکسز کے معاملے پر کسی سے کوئی سودے بازی نہیں ہوگی: مشیرخزانہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 ستمبر2019ء) مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکسز کے معاملے پر کسی سے کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، ہم نے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھانی ہیں، ٹیکس ریونیو بڑھانا ہے اور اخراجات کم کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی فیصلے عوام کی بہتری کے لیے کیے، ہم نے مہنگائی کی شرح کو روکا ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے گردشی قرضوں میں کمی لائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ستمبر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی اور ملک کی معیشت بحران سے استحکام کی طرف بڑھ گئی ہے۔ حفیط شیخ نے بتایا کہ روپے کی قدر اب مستحکم ہے،اسٹاک مارکیٹ بھی اب بہتر ہے اور ہم صرف عوام کے فائدے کےلیے کام کر رہےہیں۔

(جاری ہے)

انہو نے مزید کہا کہ زراعت کیلیے 250ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، زراعت کے شعبے میں اصلاحات چاہتے ہیں، پچھلے پانچ سال میں زراعت میں زیرو فیصد اضافہ ہوا لیکن اب ہم پُرامید ہیں اس سال زراعت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آر ایل این جی پلانٹس کی نجکاری اس سال ہوجائے گی۔ حفیظ شیخ نے مزید بتایا کہ نان ٹیکس آمدنی کے تحت دو سیلولر کمپنیوں سے 70ارب روپے وصول ہوئے ہیں۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں اداروں کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں،زرمبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر مستحکم ہوئی،حکومت نے فوری طور پر معاشی اصلاحات کے ذریعے اقتصادی صورتحال کو بہتر کیا، ملک میں معاشی سرگرمیوں کا زیادہ سے زیادہ فروغ حکومت کی ترجیح ہے، ہم کاروباری طبقے کے لئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومتی اخراجات کم اور دفاعی بجٹ کو پرانی سطح پر برقرار رکھا گیا،کرنٹ اکائونٹ خسارے میں 70فیصد سے زائد کمی لائے،موجودہ حکومت آئی تو ملک کے معاشی حالات بہت پریشان کن تھے، فوری طور پر معاشی اصلاحات کے ذریعے اقتصادی صورتحال کو بہتر کیا، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں واضح کمی لائی۔انہوں نے کہا کہ جائز اور ٹیلی نار سے لائسنس فیس کی مد میں 70ارب روپے موصول ہوئے،ملک میں اداروں کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں،زونگ سے بھی 70ارب روپے کی وصولی متوقع ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ رواں سال نان ٹیکس ریونیو بڑھانے کیلئے بھی لائحہ عمل تشکیل دیا گیا ہے،رواں سال نان ٹیکس ریونیو کی مد میں ایک ہزار ارب روپے کی وصولی کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں