عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ ، پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان بڑھ گیا

سعودی عرب میں تیل کے کنوؤں اور پلانٹس پر حملوں کے نتیجے میں تیل کی عالمی رسد میں پانچ فیصد کمی ہوگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 ستمبر 2019 10:44

عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ ، پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان بڑھ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 ستمبر 2019ء) : عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ سعودی عرب میں تیل کی دو تنصیبات پر گزشتہ روز حملے ہوئے تھے جس کی وجہ سے اس کے تیل کی پیداوار نصف ہو کر رہ گئی تھی۔

سعودی عرب میں تیل کے کنوؤں اور پلانٹس پر حملوں کے نتیجے میں تیل کی عالمی رسد میں پانچ فیصد کمی ہوگئی ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔عالمی تیل منڈی مین برینٹ تیل کی قیمت میں دوران ٹریڈنگ 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تیل کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 68 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں 10.68 فیصداضافہ ہوگیا اور یورپی آئل مارکیٹوں میں برینٹ خام تیل 11.77فیصد مہنگا ہوگیا۔ تیل کی عالمی منڈی میں امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 60.71 ڈالر اور برینٹ کروڈ کے دام 67.31 ڈالر فی بیرل ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ تنصیبات سے تیل کی رسد مکمل طور پر بحال ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں جس کے باعث اتنے ہی عرصے تک قیمتوں میں اضافہ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

ماہرین معاشیات کے مطابق تیل کی قیمتوں میں ہونے والا حالیہ ہوشربا اضافہ دنیا کی معیشت پر نہایت منفی اثرات مرتب کرے گا اور کساد بازاری کا شکار عالمی معیشت مزید بحرانی کیفیت سے دوچار ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ ہفتے کے روز سعودی عرب میں تیل کی دو بڑی اور اہم تنصیبات پر ڈرون حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں ان مقامات پر آگ لگ گئی اور کافی مالی نقصان ہوا۔

امریکہ نے الزام عاید کیا تھا کہ ان حملوں میں ایران کا ہاتھ ہے تاہم ایرانی حکومت نے یہ الزام مسترد کردیا ۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے نے عوام کو بھی پریشان کر دیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے جس سے مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ہی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 113روپے 24 پیسے ہوگی تھی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں