سپریم کورٹ کے حکم کے تحت جہاں بھی ریلوے کی زمینوں پر قبضہ ہے واگزار کرایا جائے گا‘ 12 ریلوے سٹیشنوں پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں،پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب

پیر 16 ستمبر 2019 21:36

سپریم کورٹ کے حکم کے تحت جہاں بھی ریلوے کی زمینوں پر قبضہ ہے واگزار کرایا جائے گا‘ 12 ریلوے سٹیشنوں پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں،پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وزارت ریلوے کی طرف سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت جہاں بھی ریلوے کی زمینوں پر قبضہ ہے وہ واگزار کرایا جائے گا‘ 12 ریلوے سٹیشنوں پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں‘ فنڈز کی دستیابی پر کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹ لگا دیئے جائیں گے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نصرت واحد کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا کہ ہمیں 37 ارب ریلوے کا خسارہ ورثے میں ملا ہے۔ ہمارے اقدامات کے نتیجے میں خسارے میں کمی آئی ہے۔ریلوے ریونیو کو 49 ارب سے 54 ارب تک پہنچا دیا گیا ہے۔ اس طرح مال گاڑیوں کے ریونیو میں بھی چار ارب سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سید رفیع اللہ کے ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا کہ جہاں کہیں بھی ریلوے کی زمین پر قبضہ ہے وہ واگزار کرایا جائے گا۔

اس حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔ شمیم آراء کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا کہ 12 سٹیشنز پر واٹر فلٹریشن پلانٹ موجود ہیں۔ علاوہ ازیں کولر بھی رکھے گئے ہیں۔ ہر ریلوے سٹیشن پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کے لئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے جس کی ریلوے میں فی الوقت صلاحیت نہیں ہے۔ ریلوے پھل پھول رہی ہے۔

سی پیک کے تحت ریلوے ٹریک کو دو رویہ کرنے سے کراچی سے پشاور کے دوران سفر کا دورانیہ کم ہوگا اس سے ریلوے کی آمدن بھی بڑھے گی۔ علی گوہر خان کے ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری فرخ بحیب نے کہا کہ ریلوے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ریلوے ٹکٹوں کی بلیک کے حوالے سے شکایت کا نوٹس لیا جائے گا۔ ہم نے ریلوے سٹیشنوں پر واش رومز بہتر بنائے ہیں اور پنکھے بھی لگائے ہیں۔ ان کے دور میں فیصل آباد ریلوے سٹیشن بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہا ہے۔ اب بہتر ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں