حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق اپنی فورسز کو تمام جدید ٹیکنالوجی اور ٹولز سے مسلح کریگی، شہریار

خان آفریدی آرٹیفیشل انٹلیجنس کے میدان میں قدم رکھنے سے اب ملک میں منی لانڈرنگ ،ڈرگ مافیا سے متعلقہ جرائم میں ملوث مقامی وعالمی مافیاز کو جرائم کرنے سے قبل ہی گرفتار کیا جاسکے گا،وفاقی وزیر داخلہ کا تقریب سے خطاب

بدھ 18 ستمبر 2019 00:10

حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق اپنی فورسز کو تمام جدید ٹیکنالوجی اور ٹولز سے مسلح کریگی، شہریار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر داخلہ شہریارخان آفریدی نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹلیجنس کے میدان میں قدم رکھنے سے اب ملک میں منی لانڈرنگ ،ڈرگ مافیا سے متعلقہ جرائم میں ملوث مقامی وعالمی مافیاز کو جرائم کرنے سے قبل ہی گرفتار کیا جاسکے گا،حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق اپنی فورسز کو تمام جدید ٹیکنالوجی اور ٹولز سے مسلح کریگی۔

منگل کو صدر مملکت عارف علوی نے ملک کے پہلے ڈیٹا بینک کا افتتاح کردیا جو ڈرگ مافیا اور منی لانڈرنگ سے متعلقہ جرائم میں ملوث افراد کی تفصیلات فراہم کریگا۔اس ڈیٹا بینک کے افتتاح سے پاکستان نے آرٹیفیشل انٹلیجنس کے میدان میں نیا قدم رکھا ہے۔افتتاحی تقریب سے صدر عارف علوی، وزیر انسداد منشیات شہریارخان آفریدی و سیکرٹری امجد سلیمی نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریارخان آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں منی لانڈرنگ اور ڈرگ مافیا سے متعلقہ جرائم میں ملوث مقامی اور عالمی مافیاز کو جرائم کرنے سے قبل ہی گرفتار کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اپنی فورسز کو تمام جدید ٹیکنالوجی اور ٹولز سے مسلح کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ اس ڈیٹا بینک کے ذریعے اے این ایف نہ صرف ملک بھر سے بلکہ دنیا بھر میں منی لانڈرنگ اور منشیات سے متعلقہ جرائم میں ملوث افراد اور گروہوں کا ڈیٹا حاصل کرپائیگی اور جیسے ہی کوئی مطلوبہ فرد یا گروہ پاکستان میں لینڈ کریگا ملکی ایجنسیز اس فرد یا گروہ کا پیچھا کرکے پورے نیٹ ورک یا فرد کو گرفتار کر سکے گی جبکہ انٹرپول اور دیگر عالمی ادارے اور ممالک بھی اس ڈیٹا بیس سے مستفید ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب انشاء اللہ چاہے فیٹف ہو یا کوئی اور ادارہ کوئی پاکستان کو ڈو مور نہیں کہہ سکے گا بلکہ اب پاکستان انہیں کہے گا اب دنیا کو بہت کچھ کرنا ہے ،پاکستان بہت کچھ کرچکا۔ شہریارخان آفریدی نے کہا کہ فیٹف سمیت دیگر عالمی تنظیمیں بھی آگاہ ہیں کہ پاکستان منی لانڈرنگ اور منشیات کے مجرمان کے خلاف اس حد تک گیا ہے جسکی مثال نہیں ملتی۔ اس ڈیٹا بنک کی معلومات سے ایف آئی اے سمیت دیگر ادارے ای ویزہ سمیت دیگر ایشوز پر مدد لے سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں