حکومت کے سر سے خفیہ ہاتھ اٹھ رہا ہے: حافط حمداللہ

حکومت پر جو خفیہ ہاتھ تھا وہ آہستہ آہستہ ہٹ رہا ہے اور دو تین ماہ میں مکمل ہٹ جائے گا: رہنما جمیعت علمائے اسلام ف

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 17 ستمبر 2019 23:14

حکومت کے سر سے خفیہ ہاتھ اٹھ رہا ہے: حافط حمداللہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 ستمبر2019ء) جمیعت علمائے اسلام ف کے رہنما حافط حمداللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے سر سے خفیہ ہاتھ اٹھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر جو خفیہ ہاتھ تھا وہ آہستہ آہستہ ہٹ رہا ہے اور دو تین ماہ میں مکمل ہٹ جائے گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت 14 ماہ میں حکومت نہیں سنبھال سکی، نالائقی اور کارکردگی کی وجہ سے ان کے کندھے سے ہاتھ اب آہستہ آہستہ اٹھ رہا ہے۔

ٹی وی شو کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما راجہ ریاض بھی موجود تھے اور انہوں نے اس موقعے پر کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ ڈیل کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں دونوں جماعتیں شریک نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

راجہ ریاض نے جمیعتِ علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ کشمیریوں کی خاطر احتجاج کریں۔

انہوں نے کہا کہ تینوں جماعتوں میں سے کوئی بھی احتجاج کرنے نہیں آئے گی کیوں کہ سب کے اپنے اپنے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت جیل میں ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے اور مولانا صاحب ڈیل کرنے کے ماسٹر ہیں اس لیے احتجاج کرنے کوئی نہیں آئے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شاید مولانا فضل الرحمان کو حکومت کے ساتھ ڈیل کرنی پڑے گی۔

اس کے جواب میں جمیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ان کی پارٹی ہر حال میں مارچ کرے گی کیوںکہ موجودہ حکومت ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ناجائز، نااہل اور جمہوریت کے نام پر سیاہ دھبہ ہے اور پی ٹی آئی کو عوامی مینڈیٹ حاصل نہیں یہ لوگ الیکشن چوری کر کے اقتدار میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت جاتی نہیں یا نئے الیکشن کا اعلان نہیں کرتی اسلام آباد میں دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں