ریٹائرمنٹ کے وقت ملازمین کو فوری طور پر 65 فیصد پنشن ادائیگی کا نیا سسٹم متعارف کروادیا گیا

ریٹائرڈ ملازمین کو باقی ماندہ 35 فیصد پنشن مطلوبہ شرائط پوری کرنے کے بعد دی جائے گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 ستمبر 2019 12:36

ریٹائرمنٹ کے وقت ملازمین کو فوری طور پر 65 فیصد پنشن ادائیگی کا نیا سسٹم متعارف کروادیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2019ء) : ریٹائرمنٹ کے وقت ملازمین کو فوری طور پر 65 فیصد پنشن کی ادائیگی کا سسٹم متعارف کروادیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل پاکستان کی ہدایت پر ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے فوری بعد 65 فیصد پنشن کی ادائیگی کے لیے نیا سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔ گذشتہ روز اس نئے سسٹم کا آغاز کیا گیا۔ جبکہ باقی ماندہ 35 فیصد پنشن مطلوبہ شرائط پوری کرنے کے بعد دی جائے گی۔

ملازمین پنشن کے لیے کسی بھی بینک میں اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ اس سسٹم کے تحت ملازمین کو پنشن کارڈز جاری کیا جائے گا جو اے ٹی ایم کی طرح کام کرے گا۔ اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب میاں شجاع الدین ذکا ء نے اس حوالے سے گذشتہ روز اپنے دفتر میں پنشن کارڈ کے اجرا کی منعقد کردہ افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنشنرز کے لیے انٹیسپیٹری پنشن اور پنشن کارڈز کا اجرا وفاقی حکومت کا بڑا اہم کارنامہ ہے، جس سے پنشنرز کے مسائل کم ہوں گے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریونیو ڈاکٹر تجمل الٰہی نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ عوام کو سہولت اور آسانی فراہم کرنے کے لیے حکومت ملک بھر میں ادائیگیوں کے طریقہ کار کو بھی ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ جس کے تحت عوام اپنے موبائل فون کے ذریعے ادائیگیاں کر سکیں گے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے ادائیگیوں کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جس کے تحت موبائل پیمنٹ سسٹم تیار کرلیا گیا ہے ۔ اب کسی قسم کی خریداری پر ادائیگی نقد، چیک یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے نہیں بلکہ براہ راست موبائل فون اپلیکیشن کے ذریعے ہوگی۔انہوں نے کہا تھا کہ موبائل پیمنٹ کے ذریعے ادائیگیوں کا مکمل نظام تیار ہے۔ ایک آدمی ایک ماہ کے دوران کیا اور کتنا خرچ کر رہا ہے وہ سارا حساب بھی حکومت کے پاس آجائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں