کشمیر کی خواتین صبح دروازہ کھول کر پوچھتی ہیں کہ کیا پاک فوج آ گئی ؟

کیا آپ آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کررہے ہیں ؟ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر آبدیدہ ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 ستمبر 2019 16:52

کشمیر کی خواتین صبح دروازہ کھول کر پوچھتی ہیں کہ کیا پاک فوج آ گئی ؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2019ء) : وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میں سات آٹھ سال کا تھا جب میری نانی مجھے خواب سنایا کرتی تھیں۔ وہ کہا کرتی تھیں کہ بیٹا ادھر سے ایک لشکر بڑھ رہا ہے اور تم بھی اس صف میں ہو ، تم نے ایک سبز رنگ کا کپڑا اپنے سر پر باندھا ہوا ہے اور یہ لشکر کشمیر کی فتح کے لیے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سچ بول رہا ہوں ،اگر جھوٹ بولوں تو خدا مجھے غارت کرے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ بخدا آپ سے کہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے بتایا کہ عورتیں صبح اپنا دروازہ کھولتی ہیں اور پوچھتی ہیں کہ کیا پاکستان کی فوج سری نگر میں آ گئی ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تقریب میں موجود مہمانوں سے کہا کہ آپ سب کو کیا ہو گیا ہے ؟ آپ ڈالرز کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، کیا آپ ڈالر چبا کر کھائیں گے ؟ آپ کیا کریں گے مجھے بتائیں؟ لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، کیا آپ آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں؟ آپ یہ کیوں کہتے ہیں کہ اگر آزاد کشمیر پر حملہ ہوا تو ہم یہ کر دیں گے وہ کر دیں گے، کیا وہ کشمیری مارے جائیں؟

انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ سے زائد کشمیری پاکستان کی طرف ہجرت کر چکے ہیں۔

مودی نے کہا تھا کہ پاکستان ان کے راستے میں رکاوٹ ہے۔ عرض کرتا ہوں کشمیری آپ کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر کا جھنڈا گر گیا تو بھارت کا اگلا نشانہ پاکستان ہوگا۔ کشمیری 72 سال سے اس آزمائش کا سامنا کر رہے ہیں۔ کیا آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی ڈھال آزاد کشمیر ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری آپ کی طرف دیکھ رہے کسی اور کی طرف نہیں۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، کشمیر کا ہر شخص آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں