چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کے ہونہارطلباء میں انعامات کی تقسیم

پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کے اعزاز میں پاک بحریہ کی جانب سے تقریبِ تقسیم انعامات کا انعقاد پرسوں کراچی میں کیا گیا

جمعرات 19 ستمبر 2019 14:11

چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کے ہونہارطلباء میں انعامات کی تقسیم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2019ء) پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کے اعزاز میں پاک بحریہ کی جانب سے تقریبِ تقسیم انعامات کا انعقاد پرسوں کراچی میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو میڈلزاور نقد انعامات سے نوازا ۔


    تقریب انعامات قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی سرگرمیوں اور کھیلوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات دینے اور ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں منعقدکی گئی تھی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے طلباء کی کارکردگی اور محنت کی تعریف کی اورپاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کے معیار کو سراہتے ہوئے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ بحریہ کے تعلیمی ادارے نہ صرف طلباء کی صلاحیتوں و مہارتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ انہیں اس قابل بھی بناتے ہیں کہ وہ نہ صرف اپنے تعلیمی ادارے بلکہ ملک کے لئے اعزاز حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)



    انعامات حاصل کرنے والوں میں اسپیشل چلڈرن اسکول کارساز کی شمائلہ رباب شامل تھیں جنہوں نے ابو ظہبی میں 200 میٹر دوڑ میں سونے کا تمغہ، ریلے دوڑ میں چاندی کا تمغہ اور خصوصی اولمپکس عالمی کھیلوں میں گولہ پھینکنے کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اسپیشل چلڈرن اسکول کارساز سے شرمین افضل نے بھی500 میٹر سائیکلنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور 1000 میٹر دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتا اور اسی ایونٹ میں رف ٹریک پر 2000 میٹر دوڑ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔


    ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ملیحہ انیس بھی شامل تھیں جنہوں نے کیمبرج امتحانات میں بزنس کے مضمون میں ٹاپ ان دی ورلڈ جبکہ کامرس کے مضمون میں ٹاپ ان دی ریجن کا اعزاز حاصل کیا۔کراچی میں ایچ ایس ایس سی پری انجینئرنگ امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بحریہ ماڈل کالج مجیدایس آر ای کی حنا خادم نے بھی چیف آف دی نیول اسٹاف سے تمغہ اور نقد انعام حاصل کیا۔
     طلباء کے والدین ، اساتذہ اور پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کا عملہ بھی تقریب میں شریک تھا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں