جب کچھ غلط نہیں کیا تو گھبرانا بھی نہیں. آصف زرداری کا خورشید شاہ سے مکالمہ

سابق صدر نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پارٹی راہنما سے خیریت دریافت کی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 19 ستمبر 2019 14:11

جب کچھ غلط نہیں کیا تو گھبرانا بھی نہیں. آصف زرداری کا خورشید شاہ سے مکالمہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 ستمبر۔2019ء) آصف زرداری نے خورشید شاہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جب کچھ غلط نہیں کیا تو گھبرانا بھی نہیں‘احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ پیش ہوئے اس موقع پر ان کی مختصر ملاقات ہوئی. آصف زرداری نے خورشید سے سندھی زبان میں حال احوال پوچھا اور کہا کہ آپ کو کہاں رکھا ہوا ہے جس پر خورشید شاہ نے جواب دیا جہاں آپ کو رکھا ہوا ہے.

(جاری ہے)

آصف زرداری نے ان سے پوچھا کہ نیب والے آپ سے کیا چاہتے ہیں جس پر خورشید شاہ نے تمام صورتحال سے آصف زرداری کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں، ابھی راہداری ریمانڈ لیا ہے آصف زرداری نے کہا کہ کچھ غلط نہیں کیا تو گھبرانا کیوں ہے. قبل ازیں احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے راہنما خورشید شاہ کا دو دن کا راہداری ریمانڈ منظور کیا‘نیب راولپنڈی کی جانب سے خورشید شاہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا.

احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے خورشید شاہ کو سکھر کی عدالت میں پیش کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ کی درخواست دی گئی جس پر جج محمد بشیر نے سوال کیا کہ سکھر جانے میں کتنا ٹائم لگ جاتا ہے؟خورشید شاہ نے عدالت کو بتایا کہ آج صبح سکھر کی فلائٹ تھی، کل بھی ہوگی،اس پر تفتیشی افسر نیب نے عدالت سے کہا کہ 3 دن کا راہداری ریمانڈ دے دیں، ہم پہلی دستیاب فلائٹ سے انہیں سکھر لے جائیں گے جس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے خورشید شاہ کا 2 دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے حکم جاری کیا کہ خورشید شاہ کو 2 دن میں سکھر کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے.

واضح رہے کہ خورشید شاہ کو کل اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر آمدن سے زیادہ اثاثوں اور فلاحی پلاٹ غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کا الزام ہے‘خورشید شاہ کو نیب راولپنڈی نے نیب سکھر کی تحقیقات پر بنی گالا سے گرفتار کیا تھا. خورشید شاہ پر معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کاالزام ہے جن کی مالیت تقریباً 70 کروڑ روپے ہے جومختلف فرنٹ مین کے ناموں پر ہے. یہ اثاثے مبینہ طور پرناجائز آمدن سے بنائے گئے تفتیش میں شامل اعلی نیب حکام کادعویٰ ہے کہ انہوں نے سکھر کی ضلعی انتظامیہ سے اہم ریکارڈ اور فائلیں حاصل کرلیں ہیں‘ریونیو افسران نے اہم تفصیلات بتائیں جو بالا آخر بدھ کو اسلام آباد سے خورشید شاہ کی گرفتاری کا سبب بنیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں