وزیراعظم خاتونِ اول کے ہمراہ سعودی عرب روانہ

وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران خاتون اول کے ہمراہ عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 19 ستمبر 2019 14:12

وزیراعظم خاتونِ اول کے ہمراہ سعودی عرب روانہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2019ء) وزیر اعظم عمران خان وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر سعودی عرب چلے گئے جہاں سے وہ امریکہ کیلئے روانہ ہوں گے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں خاتون اول بھی موجود ہیں۔بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران خاتون اول کے ہمراہ عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ،مشیر تجارت عبدالرزاق دائود وزیر اعظم کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ 19 اور 20 ستمبر پر مشتمل ہوگا ،وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے،وزیر اعظم عمران خان سعودی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال بارے آگاہ کریں گے ،مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام،کرفیو اور کشمیریوں پر مظالم پر بھی بات کی جائے گی ،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی صورتحال اور معاشی ترقی سے متعلق امور پر بھی غور کیا جائے گا،دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا جائے گا ،وزیر اعظم عمران خان پانچ اگست کے بعد سے اب تک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سعودی ولی عہد سے رابطے میں ہیں ،وزیر اعظم عمران خان اور سعودی علی عہد کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ،خطے کی سلامتی پر بات ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سعودی عرب سے ڈائریکٹ امریکہ کیلئے روانہ ہونگے۔دورہ سعودی عرب کے بعد وزیراعظم عمران خان امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔وزیراعظم یواین اجلاس سے خطاب میں دنیا بھر کو کشمیر میں ہونے والے مظالم سے متعلق آگاہ کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں