سعودی عرب مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے،آرمکو پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں،حافظ محمد طاہر اشرفی

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے علماء و مشائخ کا کردار بہت اہم ہے،سعودی عرب مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے،آرمکو پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔جمعہ کو جاری بیان میں محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کر رہی ہے ،کشمیری عوام پر بھارتی مظالم میں شب و روزاضافہ ہورہا ہے وہاں پر پینتالیس روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم اردن کی وادی کو اسرائیل میں شامل کرنے کا اعلان کر رہا ہے، سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملے ہورہے ہیںان حالا ت میں امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سیاسی و مذہبی قیادت کو امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے سب کو جمع کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں آئیل تنصیبات پر ہونے والے حملے قابل مذمت اور قابل افسوس ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس مقامات ہیں سعودی عرب کی سلامتی و استحکام ہر مسلمان کو عزیز ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا درس دیتا ہے اور آئین پاکستان غیر مسلموں کے حقوق کا محافظ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں