وزیراعظم کے ویژن کی روشنی میں کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں،عثمان ڈار

100 ارب روپے کا پروگرام نوجوانوں کی بہبود کیلئے استعمال کرینگے، معاون خصوصی کی گفتگو

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:25

وزیراعظم کے ویژن کی روشنی میں کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں،عثمان ڈار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں تاریخی کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں، 100 ارب روپے کا پروگرام نوجوانوں کی بہبود کیلئے استعمال کرینگے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ آئے اور چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی ۔

معاون خصوصی کو وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام اور اس کے اجراء کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔معاون خصوصی عثمان دار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں تاریخی کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 100 ارب روپے کا پروگرام نوجوانوں کی بہبود کیلئے استعمال کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کی تقریب آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہو گی اور وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی اس تاریخی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کرینگے۔اس موقع پر چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ نوجوان تحریک انصاف کا اثاثہ اور پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں سے ایک ہے جس کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار کی فراہمی اور معاشرے میں تعمیری کردار تحریک انصاف کے منشور کا نمایاں حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کامیاب جوان پروگرام قومی تعمیر کے ایجنڈے میں نوجوانوں کی شرکت کا اہم وسیلہ ثابت ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں