پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ اور ایشیئن انفراسٹرکچر بینک کے ذریعے چین کے ساتھ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں،

دونوں ملکوں کا سٹریجک پارٹنر شپ کا رشتہ جاری رہے گا،مل کر خطے میں ہم آہنگی، امن اور ترقی کیلئے کام کریں گے ، چین میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی کاچینی میڈیا کو انٹرویو

ہفتہ 21 ستمبر 2019 14:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) چین میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ (بی آر آئی)اقدام اور ایشیئن انفراسٹرکچر بینک (اے آئی آئی بی)کے ذریعے چین کے ساتھ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، دونوں ملکوں کا سٹریجک پارٹنر شپ کا رشتہ جاری رہے گا اور مل کر خطے میں ہم آہنگی، امن اور ترقی کیلئے کام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کے روز چینی میڈیا کو انٹرویو کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مستحکم دوستی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، یہ دوستی 7 دہائیوں پر محیط اور باہمی اعتماد و احترام کی بنیادوں پر استوار ہے۔نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور چین صحیح معنوں میں سدا بہار دوست اور سٹریٹجک شراکت دار ہیں،آنے والی دہائیوں میں پاک چین دوستی مزید مستحکم ہوگی۔

(جاری ہے)

بی آر آئی اور اے آئی آئی بی کے فوائد سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نغمانہ ہاشمی نے بی آر آئی کو نئی عالمگیریت کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے گیم چینجر ہے۔ ایک سوال پر نغمانہ ہاشمی نے کہاکہ گوادر کی بندر گاہ کو چین کے سنکیانگ صوبے کے ساتھ ہائی ویز، ریلویز اور پائپ لائنز نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کرنے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور آمدورفت کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی کی علامت ہے، اس سے دونوں ملکوں سمیت خطے کے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں