پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا عالمی یوم امن کے موقع پر پیغام

ہفتہ 21 ستمبر 2019 20:03

پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کے قیام کی خاطر ہمارے معصوم بچوں کی قربانیاں بھی شامل ہیں، پشاور آرمی پبلک سکول کے معصوم بچوں کی قربانیاں کو دنیا کی تاریخ میں ایک سنہری باب کے طور لکھا جائے گا۔

ہفتہ کو عالمی یوم امن کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے امن کے قیام کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہے ہیں، پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان خطے میں امن قائم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی پائلٹ کی واپسی خطے میں امن کے قیام کی طرف مثبت پیشرفت تھی تھی جسے دنیا فراموش نہیں کر سکتی، امید ہے کرتار پور راہداری کی تکمیل خطے میں امن کے قیام میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی، دنیا میں امن کے قیام کو ممکن بنانے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ امن قائم کیے بغیر خطے کی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، بدامنی اور افراتفری قوموں کے زوال کی سب سے بڑی نشانی ہے، جنوبی ایشیاء میں ظلم کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے جنوبی ایشیا کا امن برباد کر رکھا ہے وہ کس منہ سے عالمی دنیا کے سامنے امن کی بات کر سکتا ہے، مقبوضہ جموں کشمیر میں مسلسل 48 روز سے کرفیو کے نفاذ نے جنوبی ایشیا میں تاریخ دانوں کو بھی سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو کشمیری عوام کے لیے دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے، عالمی یوم امن کے موقع میرا عالمی برادری کو یہ پیغام ہے کہ وہ کشمیر میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان ہمیشہ پوری دنیا میں شرپسند عناصر اور دہشتگردی کی عالمی سطح پر مذمت کرتا چلا آ رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں