مولانا فضل الرحمان کے بعد ایک اور بڑی تنظیم نے اکتوبر میں مارچ کا اعلان کر دیا

شناختی کارڈ کی شرط اور ٹیکسز پر مذاکرات ناکام، تاجر برادری نے 9 اکتوبر کو حکومت کے خلاف اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 22 ستمبر 2019 11:26

مولانا فضل الرحمان کے بعد ایک اور بڑی تنظیم نے اکتوبر میں مارچ کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22ستمبر 2019ء) مولانا فضل الرحمان کے بعد ایک اور بڑی تنظیم نے اکتوبر میں مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شناختی کارڈ کی شرط اور ٹیکسز پر مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں جس کے بعد تاجر برادری نے 9 اکتوبر کو حکومت کے خلاف اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تاجروں کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مذاکرات کی ناکامی کا اعلان صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کیا گیا ہے۔

اس اعلامیہ میں 9 اکتوبر کو حکومت کے خلاف اسلام آباد مارچ کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں تاجر رہنماؤں کو ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کی جانب سے کہا گیا کہ ایف بی آر کے ساتھ شناختی کارڈ کی شرط کے خاتمے، سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور فکسڈ ٹیکس سکیم کے خدو خال پر اتفاق نہیں ہوسکا اب اسلام آباد کی طرف مارچ ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جمیل پراچہ نے کہا کہ کراچی کے تاجران 27ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی جلسہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 8 اکتوبر سے کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔ ٹرین مارچ میں شریک تاجر 11 یا 12 اکتوبر سے اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کے باہر مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر کے تمام اضلاع اور تحصیلوں کے تاجر نمائندے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔

9اکتوبر کو اسلام آباد میں تاجروں کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب، سندھ، کے پی کے اور بلوچستان کے تمام اضلاع اور تحصیلوں کے تاجر رہنماؤں کی قیادت میں تاجر اسلام آباد پہنچیں گے۔ کراچی کے تاجر نمائندے جمیل پراچہ، عبدالرحمان، اسماعیل لال پوریہ، سلیم میمن، محمد ارشد کی قیادت میں اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی تاجر اسلام آباد پہنچیں گے۔ تاجر نمائندے جو مشترکہ فیصلہ کریں گے اس پر عمل کیا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق اس حوالے سے کراچی میں سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما جمیل پراچہ کی زیر صدارت تاجر رہنماؤں کا اہم اجلاس بھی ہوا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں