لیاقت قائم خانی کو مزید 14 روز ہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیاگیا

ملزم نے اپنی صحت کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا ‘شوگرکا مریض ہوں پرہیزی کھانے کی اجازت دی جائے. عدالت سے استدعا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 23 ستمبر 2019 13:47

لیاقت قائم خانی کو مزید 14 روز ہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیاگیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 ستمبر۔2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے راولپنڈی کی احتساب عدالت سے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کے پاس مال کہاں سے آیا ابھی یہ پتہ لگانا ہے. راولپنڈی کی احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کو پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں مزید 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا.

کیس کی سماعت کے آغاز پر احتساب عدالت کے جج نے ملزم سے استفسار کیا کہ کون ہے لیاقت قائم خانی؟ آپ ہیں؟ جس پر لیاقت قائم خانی نے کہا کہ جی میں ہی لیاقت ہوں.

(جاری ہے)

کیس کی سماعت کے دوران نیب نے عدالت کو بتایا کہ لیاقت قائم خانی نے بطور ڈی جی پارکس غیر قانونی الاٹمنٹ کی، انہوں نے باغ ابن قاسم کی زمین گلیکسی انٹرنیشنل کے قبضے میں غیر قانونی طور پر دی اور اس زمین کو باغ کے ریکارڈ سے بھی باہر کر دیا گیا.

تفتیشی افسر اصغر خان نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے باغ ابن قاسم کی سیٹیلائٹ تصویریں بھی لی ہیں، لیاقت قائم خانی نے جان بوجھ کر 2005 میں باغ کا یہ ایریا چھوڑ دیا تھا. نیب نے عدالت کو بتایا کہ کراچی میں لیاقت قائم خانی کے گھر سے خزانہ بھی ملا ہے، ان کے پاس یہ مال کہاں سے آیا ابھی پتہ کرنا ہے، ان کے خزانے کی منی ٹریل بھی معلوم کرنی ہے لہذامزید تفتیش کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے.

عدالت کے روبرو ملزم لیاقت قائم خانی نے کہا کہ میں نے زمین کی الاٹمنٹ پر ایک دستخط بھی نہیں کیا، کوئی ایک دستخط ثابت ہو جائے تو بےشک پھانسی پر چڑھا دیں‘لیاقت قائم خانی نے عدالت کو اپنی صحت سے متعلق بتایا کہ میں شوگر کا مریض ہوں پرہیزی کھانا کھاتا ہوں، روزانسولین لینا ہوتی ہے. انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں اپنے دو سگے بھائیوں سے ملاقات کی اجازت دی جائے ، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم لیاقت قائم خانی کو مزید تفتیش کے لیے 14 روزکے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا.

نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کا تعلق ضلع سانگھڑ کے علاقے کھپرو سے ہے‘ کھپرو اور سندھڑی کے علاقوں میں لیاقت قائم خانی کی مبینہ طور پر 500 ایکڑ سے زائد زرخیز زرعی زمین ہے. کھپرو میں ایک ایکڑ پر محیط جدید سہولیات سے مزین سینٹرلی ایئر کنڈیشن بنگلے کے علاوہ برائلر مرغی کے کئی فارمز، بھینسوں کے باڑے اور کھپرو شہر کے وسط میں مارکیٹس بھی ہیں.

قریبی ذرائع کے مطابق کھپرو میں دو ایکڑ پر محیط شاندار پارک میں والد کا عالی شان مقبرہ تعمیر کیا گیا ہے، پارک نما قبرستان کا ڈیزائن کراچی کے باغ ابن قاسم سے ملتا جلتا ہے‘لیاقت قائم خانی کے والد اتائی ڈاکٹر تھے اور ان کے نام پر میرپورخاص میں نجی کالج بھی قائم ہے. واضح رہے کہ جعلی اکاﺅنٹس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی میں گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ساز و سامان اور دستاویزات برآمد کی تھیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں