پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون عام آدمی کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا،

پاکستان کئی برسوں سے مشکل اوقات میں چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گا خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا محسن مرتضیٰ شہید ماڈل سکول برائے طلباء جی سکس فور میں چین۔پاکستان فرینڈشپ کمپیوٹر لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 23 ستمبر 2019 19:03

پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون عام آدمی کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے پاک۔چین دوستی کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم کے شعبہ میں تعاون عام آدمی کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں محسن مرتضیٰ شہید ماڈل سکول برائے طلباء جی سکس فور میں چین۔

پاکستان فرینڈشپ کمپیوٹر لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر کی اہلیہ لو شن یو بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون خطہ میں امن برقرار رکھنے کیلئے مددگار ہے، پاکستان کئی برسوں سے مشکل اوقات میں چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور غربت کے خاتمہ کیلئے چین کی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات سے سیکھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

خاتون اول نے کہا کہ حکومت طلباء کو مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے قابل بنانے اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کمپیوٹر لیبارٹری کے قیام پر چینی سفارتخانہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ لیبارٹری طلباء کو علم و تحقیق کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ لیبارٹری طلباء کی ٹیکنالوجی کے شعبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں حوصلہ افزاء ثابت ہو گی اور طلباء پر زور دیا کہ توانائیاں تعلیم کے حصول پر صرف کریں۔

چینی سفیر کی اہلیہ لو شن یو نے کہا کہ چین پاکستانی طلباء کو جدید ٹیکنالوجی اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ نئی قائم کردہ یہ کمپیوٹر لیبارٹری 31 کمپیوٹر ورک سٹیشنوں اور طلباء کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مزین ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں