شہباز شریف کا کمر درد انتہائی عقلمند ہے، ہمیشہ وقت پر ہوتا ہے: فواد چوہدری

جے یو آئی مارچ تو کر رہی ہے مگر اسے اپنے مطالبات ہی معلوم نہیں ہیں، پتہ نہیں مولانا کیوں مارچ کر رہے ہیں، انہیں پہلے کسی سیانے کے ساتھ بیٹھ کر مطالبات بنانے چاہئیں: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 13 اکتوبر 2019 15:44

شہباز شریف کا کمر درد انتہائی عقلمند ہے، ہمیشہ وقت پر ہوتا ہے: فواد چوہدری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا کمر درد انتہائی عقلمند ہے، ہمیشہ وقت پر ہوتا ہے۔ فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کمر درد انتہائی عقلمند ہے جو ہمیشہ وقت کے مطابق ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی، معاشی بدحالی اور حکومتی نااہلی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر سے حکومت کے خلاف اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

10 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے مولانا کے آزادی مارچ میں شرکت کی مخالفت کی تاہم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں بھرپور شرکت کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جے یو آئی مارچ تو کر رہی ہے مگر اسے اپنے مطالبات ہی معلوم نہیں ہیں، پتہ نہیں مولانا کیوں مارچ کر رہے ہیں، انہیں پہلے کسی سیانے کے ساتھ بیٹھ کر مطالبات بنانے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت عرصے سے مسلم لیگ ن میں اندرونی لڑائی چل رہی تھی اور اب ن لیگ باضابطہ دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے، کچھ لوگ کہتے تھے کہ شہباز شریف سیاست چھوڑ دیں گے لیکن بھائی کو نہیں چھوڑیں گے، اب وہ آزادی مارچ میں شرکت نہ کر کے بڑے بھائی کی بات مان کر سیاست ہی تو چھوڑ رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ اس وقت ملک میں استحکام ہے لہذا مولانا عدم استحکام نہ پھیلائیں، مولانا اسلام آباد کے بجائے اسلام کی جستجو کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کابحران اور گہرا ہوتا جا رہا ہے، شہباز شریف چار سال وزیراعلیٰ رہے لیکن انہیں کمر کا درد نہیں ہوا، جونہی وزیراعلیٰ سے ہٹتے ہیں کمر درد آجاتا ہے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں