کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ملکی تعمیر و ترقی میں شراکت دار بنائیں گے،

وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں ترتیب دیا گیا پروگرام نوجوانوں کی ترقی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دورے، "کامیاب جوان پروگرام " کے اجراء پر بریفنگ کے موقع پر گفتگو

پیر 14 اکتوبر 2019 14:16

کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ملکی تعمیر و ترقی میں شراکت دار بنائیں گے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں شروع کئے گئے تاریخی "کامیاب جوان پروگرام " کے اجراء پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

17 اکتوبر کو اسلام آباد میں کامیاب جوان پروگرام کے ملک گیر آغاز کے لئے افتتاحی تقریب کی تیاریوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات اور وژن کی روشنی میں تاریخی پروگرام تیار کیا گیاہے، وزیرِاعظم اپنے دست مبارک سے تاریخی پروگرام کا افتتاح کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ملکی تعمیر و ترقی میں شراکت دار بنائیں گے، وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں ترتیب دیا گیا پروگرام نوجوانوں کی ترقی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی کے لئے پروگرام ترتیب دینے پر عثمان ڈار اور ان کی ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے قومی وجود کا اہم ترین حصہ ہیں۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلی کے عمل میں نوجوانوں نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، قومی تعمیر کے ہر مرحلے پر نوجوانوں کو شامل کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو معاشی طور خودمختار بنانا اہم ہدف ہے، تحریک انصاف کامیاب جوان پروگرام کی کامیابی کے لئے دعاگو ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں