شہباز شریف آزادی مارچ میں شریک بھی ہونگے اور اسکی قیادت بھی کریں گے: سینیٹر مصدق ملک

پارٹی میں بحث ہوتی ہے اور تکرار بھی ہو جاتی ہے لیکن شہباز شریف بعد میں یہی کہتے ہیں کہ وہی ہوگا جو ہمارے قائد نواز شریف کہیں گے: رہنما مسلم لیگ ن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 14 اکتوبر 2019 20:42

شہباز شریف آزادی مارچ میں شریک بھی ہونگے اور اسکی قیادت بھی کریں گے: سینیٹر مصدق ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2019ء) رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ شہباز شریف آزادی مارچ میں شریک بھی ہونگے اور اسکی قیادت بھی کریں گے۔ مصدق ملک نے ایک نجی ٹیوی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں بحث ہوتی ہے اور تکرار بھی ہو جاتی ہے لیکن شہباز شریف بعد میں یہی کہتے ہیں کہ وہی ہوگا جو ہمارے قائد نواز شریف کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ شہباز شریف مارچ میں ن لیگ کی قیادت کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ مارچ میں شرکت کی جائے گی لیکن جمیعتِ علماء اسلام ف کے دھرنے کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔ آج ن لیگ کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے پلان کوہم سے مخفی رکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس معاملہ سے ن لیگ کے قائد نواز شریف کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

مسلم لیگ ن کا اجلاس تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا جس میں رہنماؤں سے آزادی مارچ میں شرکت کے حوالہ سے تجاویز لی گئیں اور پھر ان پر تفصیلی بحث کی گئی، اجلاس میں تمام رہنماؤں کو موبائل فون باہر رکھ کر آنے کا کہا گیا تھا تاکہ معلومات فوراََ لیک نہ ہوں تاہم ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے پلان کوہم سے مخفی رکھ رہے ہیں، اس معاملہ سے ن لیگ کے قائد نواز شریف کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

اب مسلم لیگ ن کی جانب سے دھرنے پر تحفظات کے بعدسربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے میاں شہبازشریف سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا۔جے یو آئی سربراہ ن لیگی صدر کے تحفظات دور کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے مولانا فضل الرحمان پر شدید تنقید تنقید کی ہے کہ مولانا پی ٹی آئی سے تعلق کے حوالہ سے اپنی پوزیشن واضح‌ کریں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے سوال کیا ہے کہ مولانا کا لاڑکانہ میں پاکستان تحریکِ انصاف سے اتحاد ہے اور وفاق میں وہ اختلاف کر رہے ہیں یہ کیسی دوہری سیاست ہے؟انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان واضح کریں کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں یا خلاف؟

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں