عالمی سطح پر ایران سعودی عرب مصالحت کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی: شاہ محمود قریشی

ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کیلئے عالمی سطح پربھی کوشش کی گئی ہے لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا ، پاکستان معاملات کو بگڑنے سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہاہے: وزیرِ خارجہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 14 اکتوبر 2019 21:22

عالمی سطح پر ایران سعودی عرب مصالحت کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2019ء) وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ایران سعودی عرب مصالحت کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کیلئے عالمی سطح پربھی کوشش کی گئی ہے لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا ، پاکستان معاملات کو بگڑنے سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہاہے۔

انہوں نے کہا پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہوتاہے جس کے امریکہ ،ایران اور سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاملات کو بگڑنے سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہاہے، ایران میں ہماری اچھی نشست رہی ہے اور سعودی عرب جاکر بھی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ سی پیک کی بات نہیں ہوئی، ہمارا یک نکاتی ایجنڈا تھا کہ تناؤ سے کیسے بچا جاسکتاہے؟ پاکستان اس حوالے سے کیا مثبت کردار ادا کرسکتاہے؟ ہمیں وہ کردار ادا کرناچاہئے۔

(جاری ہے)

وزیرِ خارجہ نے کہا ہےکہ ایرانی رہبر اعلیٰ نے وزیر اعظم کویقین دلایاہے کہ بھارت کے ساتھ ہمارے جو بھی تعلقات ہوں لیکن کشمیر کے معاملے پر ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی سعودی وزیر خارجہ نے بھی کشمیر پر پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا تھا۔ ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی کے حوالے سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے خطے میں امن و استحکام اور اتحادکیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے، امت مسلمہ باہمی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی، قیادت کی سطح پر یہ احساس اسلامی دنیاکیلئے نیک فال اور عوامی جذبوں کی عکاسی ہے،پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں، پاکستان کے اپنے ان دونوں بھائیوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں