اس وقت ملک میں گینگ آف فور کی حکومت ہے

اس حکومت میں پارلیمنٹ کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 اکتوبر 2019 14:32

اس وقت ملک میں گینگ آف فور کی حکومت ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفٰی نواز کھوکھر نے کہا کہ اس وقت ملک میں گینگ آف فور کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس سسٹم فیل ہونے کی تحقیقات کے لیے قومی اسمبلی کی ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جس کے ذمہ آر ٹی ایس سسٹم فیل ہونے کی وجوہات کا پتہ چلانا تھا، اُس کے پیچھے کیا محرکات تھے لیکن اس کمیٹی کی آج تک ایک بھی میٹنگ نہیں ہو سکی۔

موجودہ حکومت چار حلقوں کے لیے نکلی تھی ہم نے تو پورے ملک کا کہا تھا کہ پورے ملک کا آر ٹی ایس سسٹم فعل کر کے آپ کو حکومت میں لایا گیا ہے۔ آپ چار سیٹوں کے لیے آئے تھے لیکن ہم نے پورے الیکشن پر سوال اُٹھایا تھا۔

(جاری ہے)

اور اُس پورے الیکشن کو جانچنے کے لیے حکومت نے خود کمیٹی بنائی لیکن آج تک ایک اجلاس بھی نہیں ہو سکا۔ اقتدار میں آنے کے چودہ ماہ کے اندر وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے پارلیمنٹ کو غیر فعال بنا دیا اور اب ہر چیز آرڈیننس کے تحت چل رہی ہے۔

پچھلے چودہ ماہ میں پاکستان تحریک انصاف نے ایک قانون بھی نہیں بنایا۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ اس وقت ملک میں گینگ آف فور کی حکومت ہے۔ اس میں کوئی منتخب شخص شامل نہیں ہے۔ اگر میں گینگ آف فور میں شامل لوگوں کے نام لینا شروع کروں تو شاید آپ بھی شرما جائیں اور شاید آپ ٹی وی پر چلائیں بھی نہ۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں کسی بھی منتخب شخص کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ پارلیمان کا بھی کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ ان وزرا کو کوئی نہیں پوچھتا ۔ جو وعدے انہوں نے کیے تھے اُن میں سے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں