نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا، فواد چودھری

کہا جاتا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے، سرکاری نوکریاں دیں گے تو معیشت بیٹھ جائے گی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 15 اکتوبر 2019 18:10

نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا، فواد چودھری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا، حکومت 400 ادارے ختم کررہی ہے، دنیا بھر میں حکومت چھوٹی ہورہی ہیں، نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے۔ انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ 70ء کی دہائی کی سوچ تھی کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف دیکھا جائے۔

نوکریاں دیں گے تو معیشت بیٹھ جائے گی۔یہ نہیں کہ ہرشخص سرکاری نوکری ڈھونڈتا پھرے۔ حکومت تو 400 ادارے ختم کررہی ہے۔ دنیا بھر میں حکومت چھوٹی ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اس بات پر زور ہے کہ حکومت نوکریاں دے۔ لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا بہت ضروری ہے کہ حکومت کی طرف نوکریوں کیلئے نہیں دیکھا جاسکتا۔

(جاری ہے)

نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے نوکریوں سے متعلق اپنے بیان کو سیاق واسباق سے ہٹ کرقرار دیا، انہوں نے کہا کہ حیران ہوں کہ میرے بیان کو کیسے سیاق واسباق سے ہٹ کرچلایا گیا۔ میں نے کہا کہ تھا کہ نوکریاں دینا پرائیویٹ سیکٹر کا کام ہے۔حکومت کا کام نوکریوں کیلئے ماحول بنانا ہوتا ہے تاکہ لوگوں کو نوکریاں مل سکیں، لیکن ہر شخص کوسرکاری نوکری تو نہیں دی جاسکتی۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے الیکشن مہم اور پارٹی منشور میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم حکومت میں آکر ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بنا کردیں گے۔پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر سے ملک میں صنعتی ترقی کا پہیہ گھوم جائے گا۔ صنعتوں سے جہاں ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی وہاں ملک کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا، لیکن تحریک انصاف کی حکومت بنے ایک سال کا عرصہ ہوگیا تاحال حکومت اپنے منشور کے مطابق معاشی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی سمت متعین نہیں کرسکی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں